گڑگاوں: لاک ڈاو ن کی وجہ سے راشن اور اقتصادی مدد کی مانگ پر مزدوروں و غیرمستقل ملازمین نے آج خالی برتن بجاکر اپنے غصہ کا اظہار کیا۔سنٹر آف انڈین ٹریڈ یونینس (سیٹو) کی اپیل پر ملک گیر تحریک کے تحت گڑگاوں میں بھی مزدور، صفائی ملازمین، آشا ورکر، آنگنر واڑی ورکر، مڈ ڈے میل ورکر، ریہڑی پٹری والے، دیہی چوکیدار، غیرمنظم شعبہ کے مزدور، کسانوں، کھیت مزدوروں وغیرہ نے حصہ لیا۔ ان میں بڑی تعداد میں خواتین شامل تھیں۔جن وادی مہیلا سمیتی، کھیت مزدور یونین، کسان سبھا، نوجوان سبھا جیسی تنظیموں کے اراکین اور کارکن بھی اس میں شامل ہوئے۔سیٹو کے ضلع جنرل سکریٹری ایل ایل پرجاپتی نے الزام لگایا کہ لاک ڈاون کو ایک مہینہ ہوچکا ہے اور مزدوروں کی بڑی آبادی کے پاس راشن ختم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مددکی کوشش بہت ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف حکومت کی تقریر سے کام چلنے والا نہیں ہے بلکہ مزدوروں کو راشن و اقتصادی مدد ملنی چاہئے اور جو مزدور فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں، ان کو پوری تنخواہ ملے اور کسی کو ملازمت سے نہ ہٹایا جائے۔انہوں نے کام کرنے کے گھنٹے آٹھ سے بڑھاکر 12کرنے کی بھی تنقید کی۔جن وادی مہیلاسمیتی کی ریاستی صدر اوشا سروہا نے مانگ کی کہ تمام مزدور و ضرورت مند کنبوں کو تین مہینہ کا سوکھا مفت راشن گھر تک پہنچایا جائے اور ہر ایک مزدور و ضرورت مند کنبہ کو جو ٹیکس دہندہ نہیں ہے انہیں ساڑھے سات ہزار روپے دیئے جائیں۔انہوں نے کووڈ۔ 19وبا کے دوران ضروری خدمات میں لگے غیرمستقل ملازمین جیسے آشا، صحت ٹھیکہ ملازم، دیہی صفائی ملازم، آنگن واڑی، دیہی چوکیداروں، مڈ ڈے میل وغیرہ کو حفاظتی سامان دستیاب کرانے کی بھی مانگ کی۔انہوں نے غیرمستقل ملازمین، اسکیم ورکرس تمام کو یکساں تنخؤاہ یا مزدوری دو گنا کرنے کی بھی مانگ کی۔
