’کورونا‘لاک ڈاؤن اور میڈیا

0

انجینئر منظر زیدی
اس وقت دنیاکے ۱۹۵ ملکوں میں سے زیادہ تر ممالک اور وہا ں کے باشندے کورونا وائرس کی وجہ سے سہمے ہو ئے ہیں۔جنوری میں چین سے شروع ہو کر یہ وائرس دنیا کے بہت سے ملکوں میں پھیل گیا ہے۔شروع میں چین کے بعد اس کا سب سے زیادہ اثر اٹلی اور ایران میں تھا ۔مگر اب چین نے اس پر قابو پالیا ہے اور وہاں 81700متاثرین میں سے 77000افراد اس بیماری سے نجا ت پا چکے ہیں ۔چین میں اب حرف 1300افراد ہی اس بیماری سے متاثر ہیں۔چین صرف کورونا سے لڑا اس لئے جیت گیا مگر ہماری لڑائی کورونا کے ساتھ ساتھ جہالت،لاپرواہی ،مختلف نظریات اور مذہبی اختلافات سے بھی ہے اس لیئے ہماری لڑائی میں مشکلیں بھی آرہی ہیں۔اس وقت اس بیماری سے متاثر افراد سب سے زیادہ امریکہ میں ہیں۔دوسرے نمبر پر اٹلی ہے اس کے بعد اسپین،فرانس اور جرمنی ہیں۔ایران جو پہلے تیسرے نمبر پر تھا اب ساتویں نمبر پر آگیاہے ۔ اس کے بعد انگلینڈ ،کناڈہ اور ترکی میں بھی یہ بیماری پھیل چکی ہے ۔شکر ہے کہ ہمارے ملک میں اس بیماری کا اثر کم ہے ۔اس بیماری کے مد نظر وزیر اعظم نے بہت سے موثر قدم اٹھائے ۔19مارچ کو عوام کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے عوام کو ہر طرح کی احتیاط برتنے کی تلفین کی اور 22مارچ کو جنتا کر فیو کا بھی اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس بیماری سے لڑنے کے لئے مصروف ضلع انتظامیہ اور ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کر نے کے مقصد سے شام پانچ بجے بالکنی میں کھڑے ہو کر گھنٹیاں،تالیاں یا تھالیاں بجانے کی بات بھی کہی۔ مگر ہوا یہ کہ دن بھر گھروں میں رہنے کے بعد کافی تعداد میں لوگ گھنٹیاں اور تالیاںبجانے کے شوق میں گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آگئے اور جشن کا سا ماحول ہو گیا ۔اس کے بعد وزیر اعلی نے 23مارچ سے25مارچ تک کے لئے لاک ڈائون کر دیا۔چار دن سب بند رہنے کی خبر سے بازاروں میں ہلچل مچ گئی اور لوگ خریداری کر نے کے لئے نکل پڑے۔ابھی لاک ڈائون چل ہی رہا تھا کہ 24مارچ کو ٹی۔وی۔کےذریعہ پھر وزیر اعظم عوام سے مخاطب ہو ئے اور انہوں نے 24مارچ کو رات 12بجے سے 21دنوںکے لئے لاک ڈائون کا علان کر دیا ۔عوام نہ اس کے لیئے تیار تھی اور نہ اس کا اندازہ تھا کہ 21دنوں کے لئے لاک ڈائون ہو جائیگا۔نتیجہ یہ ہوا کہ مودی جی کی آدھے گھنٹہ کی تقریر بھی لوگوں نے پوری نہیں سنی اور تھیلے لیکر گھروں سے بازار کے لئے نکل پڑے۔9بجے سے پہلے ہی بازار میں جام لگ گیا اور ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی میلہ لگا ہوا ہے۔دکان داروں نے گھبرا کر اپنےشٹر بند کر دئے ۔رات کے گیارہ بجے تک کیرانہ کی دکانوں کے ساتھ ساتھ سبزی اور پھلوں کے ٹھیلوں پر بھی بھیڑ اکٹھا رہی۔کورونا کسی کو یاد نہیں رہا ۔کورونا کے لئے احتیاط اور وزیر اعظم کے مشورےسب بھو ل گئے ۔اگر شروع میں 31مارچ تک کے لئے لاک ڈائون کا علان ہوتا اور اس کے بعد ایک ایک ہفتہ کے لئے بڑھا یا جاتا تو ہنگامہ نہ ہو تا کیونکہ لوگ اکثر مہینہ کا سامان گھر میں رکھتے ہیں جو 31مارچ تک چل جاتا مگر14اپریل تک کا لاک ڈائون سن کر ہر شخص گھبرا گیا ۔انہوں نے مودی جی کی اس بات کو بھی یا د نہیں رکھا کہ کسی چیز کی کمی نہیں ہو نے دی جائیگی ۔دکان دار بھی سامان لا تے رہتے ہیں اور بیچتے رہتے ہیں۔وہ بھی سمجھ رہے تھے کہ مہینہ کا آخر ہے اور پہلی کے بعد ہی زیادہ سامان کی بکری ہو تی ہے ۔ اس طرح جو سامان ان کے اسٹاک میں تھا وہ پہلے پہنچنے والے چند افراد نے خرید لیا اور باقی افراد خالی ہا تھ گھر لوٹے ۔یہا تک کہ ماسک اور سینی ٹائزر بھی بازار سے غائب ہو گئے اور سامان کی قلعت کے سبب ضروری اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔یہی حال اگلےروز سبزی منڈی میں ہوا۔عام دنوں سے زیادہ بھیڑ سبزی لینے کے لئے امڈ پڑی۔جن کے پاس مہینہ کے آخر میں جو بھی روپیہ تھا وہ گھر کے لئے ضروری سامان خرید لیئے مگر جو 22مارچ سے 24مارچ تک لاک ڈائون کی وجہ سے گھر سے مزدوری کے لئے نہیں نکل سکے تھے ان کے پاس رو پیہ ہی نہیں تھا کچھ خرید نے کیلئے ۔وہ تو روز کماتے ہیں اور روز کھاتے ہیں۔21دنوں کا لاک ڈائون کر نے سے پہلے کسی نے کوئی تیاری اور پلاننگ نہیں کی ۔غریب اور مزدوروں کے بارے میں نہیں سوچا نہ ہی ان کے لئے کوئی معقول انتظام کیا۔زیادہ تر مزدور پیشہ لوگ گائوں اور قصبوں سے بڑے شہروں میں آکر روزی کما تے ہیں۔ یہاں تک کہ روزی کی تلاش میں لوگ بہار سے یو۔پی سے پنچاب ،ہریانہ اور دہلی سےآتے ہیں گجرات اور ممبئی میں یو۔پی۔اور بہار کے بہت لوگ روزی کمانے کیلئے رہ رہے ہیں۔
ان شہروں میںنہ انکا اپنا گھر ہے اور نہ گھر والے ۔یہ جھونپڑی اور جھگیوں میں رہتے ہیں۔اچانک لاک ڈائون کی وجہ سے یہ اپنے گھروں کو نہیں جا سکے کیونکہ ریل گاڑیاں اور بسیں وغیرہ سب بند کر دی گئی تھیں۔عدم تحفظ کی وجہ سے یہ لوگ نقل مکانی پر مجبو ر ہوئے۔جیسے وقت گزرتا گیا ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹینڈپر لاکھوں کی بھیڑ اکٹھی ہو گئی ۔جس خطرہ کے پیش نظر لاک ڈائون کا قدم اٹھایا گیا تھا وہ خطرہ کم ہو نے کے بجائے بڑھ گیا ۔لوگ سروں پر سامان رکھے اور کچھ گود میں بچوں کو لئے پیدل ہی اپنی منزل کی طرف بڑھنے لگے بغیر یہ سوچے کہ اتنا لمبا سفر کس طرح بھوکے پیٹ طے کریں گے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر ہریش وردھن نے 25مارچ کو اخباری رپورٹروں کو بتایا کی 21مار چ کے بعد غیر ممالک سے تقریباً64000افراد انڈیا آئے جن میں صرف 8000لوگوں کو ہی کوارنٹائن کیا گیا ۔اس طرح جہا زوں میں بھر بھر کر کورونا سے متاثر لوگوں کو دوسرے ممالک سے ہندوستان لا تے رہے مگر اپنے ملک میں غریب لوگوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کا کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا۔کسی نے ٹھیک ہی کہا ہے کہ بیماری امیر لوگ لڑ رہے ہیں اور لاٹھیاں غریب لوگ کھا رہے ہیں ۔ایسے بہت سے افراد ہیں جو ریل گاڑیاں اور بسیں اچانک بند ہو نے کی وجہ سے شہروں میں پھنس گئے اور اپنے گھروں کو نہیں جا سکے۔یہی حال حضرت نظام الدین مرکز میں ہوا جہاں ملک کے مختلف شہروں کے افراد جمع تھے۔اچانک لاک ڈائون کی وجہ سے وہ اپنے گھروں کو واپس نہیں جا سکے۔ان کو واپس بھجوانے کے لئے مرکز نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی مگر انتظامیہ کی طرف سے پورا تعاون نہ ملنے کی وجہ سے تقریباًایک ہزار افراد وہاں پھنسے رہ گئے۔جب سے کورونا وائرس اپنے ملک میں پھیلا ہے تب سے ہندو اور مسلمان آپس کے اختلاف ختم کر کے اس بیماری سے لڑنے کے لئے ایک ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ دہلی دنگوں کے درمیان جس مسجدکو نقصان پہنچا کر وہاں کی مینار پر بھگوا جھنڈا لہرایا گیا تھا وہ بھی روی نام کے ایک ہندو نے خود مینا ر پر چڑھ کر اتار دیا۔مگر یہ ہندو مسلم اتحاد کچھ خاص رہنمائوں اور گودی میڈیا کو پسند نہیں آیا اور انہوںنے کورونا کو بھی ہندو اور مسلمان سے جوڑ تے ہو ئے کچھ خاص افراد کو خوش کر نے کے لئے نظام الدین میں واقع مرکز کے خلاف بولنا شروع کر دیا۔جولوگ وہا ں پھنسے ہو ئے ہیں ان کے بارے میں ’چھپے‘ہوئے کا لفظ استعمال کر رہے ہیں اور یہی حالات دوسروی جگہ پر ہیں تو وہاں ’پھنسے‘ہوئے کا لفظ استعمال کیا جا رہا ہے ۔کوئی ’کورونا جہاد‘ کہہ رہا ہے تو کوئی ’کورونا بم ‘ بول رہا ہے ۔جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے گھروں میں گندگی بڑھ رہی ہے ۔لاک ڈائون کی وجہ سے اپارٹمینٹ میں سفائی کر مچاری نہیں آرہے ہیں کیونکہ انہیں راستے میں روک دیا جا تا ہے اب جو لوگ کورونا سے متاثر نہیں ہیں وہ اس بات سے ڈ ر رہے ہیں کہ کہیں گندگی کی وجہ سے دوسری بیماریاں نہ پھیل جائیں۔اسپتالوں میں او۔پی۔ڈی۔بند ہیں۔پرائیویٹ ڈاکٹر بھی مریض نہیں دیکھ رہے ہیں۔احتیاط کر کے کورونا سے تو بچ جائینگے مگر روز مرہ کی بیماری سے گھر ے ہوئے افرا د کیا کریں۔ابھی صرف دس دن گزر ے ہیں۔فیکٹریاں بند ہیں،بازار تقریباًبند ہیں،کاروبار بند ہیں۔پرائیویٹ اور سرکاری دفاتر زیادہ تر بند ہیں۔ایسے میں پرائیویٹ ملازمین کی تنخواہیں کہاں سے ملیں گی۔سرکار بھی ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کر نے کی سوچ رہی ہے ۔ملک کی معیشت اور اقتصادی حالت پہلے سے ہی کافی خراب ہے ۔اس کورونا سے نجات پانے کے بعد ملک کی معیشت کیا ہو گی اس کے تصور سے ہی دل کانپ جاتا ہے مہنگائی کہا ں جائیگی اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔اس لئے ملک کے عوام سے گزارش ہے ہندو مسلمان کی سیاست کو چھوڑ کر ایک ساتھ مل کر کرونا کے خلاف چھیڑی گئی جنگ میں حصہ لیں اور جو احتیاط انتظامیہ کے ذریعہ بتائی جا رہی ہیں ان پر پوری طرح عمل کریں تاکہ جلد از جلد کورونا سے نجا ت پائی جا سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here