کورونا کا انسداد اسلامی تعلیمات میں مضمر

0

ڈاکٹر ایم انیس احمد
یہ اچھی بات ہے کہ کورونا وائرس کے مسئلے پر مسلم دانشوروں نے فکری زاوئیے سے گفتگو کرنے کی کوشش کی ہے۔
جہاں تک تحریکات اسلامی کا تعلق ہے، ان کی پیش رفت ان کے بروقت اقدامات ( initiatives ) کے ذریعے ہوتی ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ سے تحریک اسلامی کو یہی درس ملتا ہے کہ شاہراہِ سفر میں جتنے بھی موڑ آئیں، اس موقع پربروقت اور مناسب فیصلوں پر عمل درآمد کے ذریعے دنیائے انسانیت کی رہنمائی کرے۔
کورونا وائرس کے حوالے سے تحریک اسلامی کے لئے یوسف علیہ السلام کی سیرت کا وہ پہلو زیادہ مطابقت رکھتا ہے ، جبکہ انہوں نے عزیز مصر کو خواب کی تعبیر بتائی اور تعبیر کے مطابق آنے والی آزمائش کا کس طرح مقابلہ کیا جائے؟ اس تعلق سے اس کے سامنے ایک منصوبہ پیش کیا۔ اور صرف منصوبہ ہی نہیں پیش کیا بلکہ عزیز مصر سے یہ بھی کہا قال اجعلني على خزائن الأرض إني حفيظ عليم.( سورہ یوسف : 55)” ملک کے خزانے میرے سپرد کیجئے، میں حفاظت کرنے والا بھی ہوں اور علم بھی رکھتا ہوں”
یوسف علیہ السلام نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی سات سالوں کے دوران غلہ محفوظ بھی رکھا جائے نیز اچھے دن آنے کی خوش خبری بھی دی، جس کا ذکر بادشاہ کے خواب میں نہیں تھا ۔اس موقع پر یہ دیکھنا ضروری ہے کہ مرض ، وبا، صحت عامہ اور بطور خاص کورونا سے متعلق بنیادی اسلامی تعلیمات کیا ہیں اور بحیثیت ایک مسلم امت اورقیادت اسلامی کے اس موقع پرہماری ذمےداریاں کیا ہیں.اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اس وسیع کائنات میں لمحہ بہ لمحہ وقوع پذیر تمام اسباب کا مسبب اعلیٰ اللہ رب العزت کی ذات واحد ہے۔ لہذا صحت و مرض کے تمام اسباب احکام الٰہی کے تحت ہی عمل درآمد ہوتےہیں۔ لہذا تدابیر و ادویہ کے ساتھ ساتھ صحت کی درخواست اللہ کے حضور ہی پیش کی جائے گی۔ قیادت اسلامی کی ذمے داری تھی کہ صرف مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ عام انسانوں کو اس جانب متوجہ کیا جاتا۔ لیکن اس تعلق سے اسلامی قیادت کی جانب سے کوئی بات نہیں آئی.حالانکہ دیگر نظریاتی قیادتوں نے اس جانب خصوصی توجہ دی اور عام لوگوں سے تالیاں اور تھالیاں بجوانے کی کوشش کی۔ اس سلسلے میں جرمنی کا معاملہ غنیمت ہے جہاں چرچ کی گھنٹیاں بھی بجائی گئیں اور مسلمانوں نے اذان دیکر اپنے رب کو پکارا کہ رب العالمین کی طرف سے دواؤں کو شفا کی اجازت مل جائے ۔ بیشک مسلمان دعائیں کر رہے ہیں لیکن میری مراد اس موقع سے دئے جانے والے نظریاتی پیغام و دعوت سے ہے۔
وبائی امراض کا تعلق صحت عامہ سے ہے ۔یہاں صرف انفرادی صحت کا سوال نہیں ہے ۔بلکہ ماحول کا صحت مند ہونا بھی ضروری ہے ۔اور جو شخص یا گروہ وبائی مرض کے لئے سبب بنتا ہے، اسے مجرم قرار دیا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔ صحت عامہ کے اسلامی اصولوں کی ضرورت و معقولیت کو دیگر لوگوں کے سامنے ثابت کرنا اور لوگوں کے سامنے اس تعلق سے ایک لائحہ عمل پیش کرنا جس طرح یوسف علیہ السلام نے عزیز مصر کے سامنے قحط کامقابلہ کرنے کے لیے پیش کیا تھا، ہماری ذمے داری تھی۔ جدید کورونا-19 کی شناخت نومبر 2019 میں لوگوں نے کر لی تھی اور پھر چین میں اس نے وباء (epedemic) کی صورت اختیار کر لی ۔سوال یہ ہے کہ اس موقع سے ہمارے علماء اورقیادت اسلامی کی کارگزاری کیا رہی ؟
چین میں کورونا کی وبا ظاہر ہونے کے بعد ہمارے پاس کیا رہنمائی تھی۔ ہم نے اس رہنمائی کو کس طرح پیش کیا ،بہت سنجیدگی کے ساتھ اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔کچھ علما نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کا متن لیکر جس میں لا عدوی (چھوت کی کوئی حقیقت نہیں) کہا گیا ہے ، تقریروں کا بازار گرم کیا ۔ اس مضمون کی اکثر احادیث ابو ہریرہ رض۔ سے مروی ہیں جن میں ایک ہی سلسلہ کلام کے مختلف حصے بیان ہوئے ہیں ۔ضروری تھا کہ اس سلسلے کی تمام حدیثوں کو ایک جگہ مربوط کرکے اصل معنی کو سمجھنے کی کوشش کی جاتی ۔ حالانکہاس سلسلے کی احادیث میں وہ جملے موجود ہیں جن سے وباء سے متعلق واضح مفہوم اخذ ہوتا ہے ۔مثلا اسی سلسلے میں اپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا ہے کہ.” جذامی سے اس طرح بھاگو جیسے شیر سے بھاگتے ہو” ۔” مریض اونٹوں والا اپنے اونٹ، تندرست اونٹوں والے کے اونٹ میں نہ چھوڑے ” نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ – ” پیٹ کی بیماری (ہیضہ ) میں مرنے والا شہید ہے اور طاعون کی بیماری میں مرنے والا شہید ہے ” ان دونوں بیماریوں کے وبائی اور شدید (acute) ہونے کے باعث ہی اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش اور اس میں ہلاک ہوئے والے کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے شہید کہا ہے۔ نبی صلی نے فرمایا کہ “بد شگونی لینا لغو بات ہے ” لیکن آپ ص۔ نے اسی سلسلہ کلام میں یہ بھی فرمایا ہے کہ ” الفال الصلح الکلمتہ الحسنہ ” یعنی “نیک فال ، اچھی بات منہ سے نکالنا ہے”اس سلسلے کی تمام احادیث سے یہی واضح ہونا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ،توحید کے اس پہلو کو راسخ کرنا چاہتے تھے کہ تمام اسباب احکام الٰہی کے ہی پابند ہیں نیز بعض امور جن کے بارے میں لوگوں نے غلط عقیدے بنا رکھے تھے ان کی اصلاح مقصود تھی۔مثلا ہندوستانی سماج میں موجود چھوا چھوت کے تناظر میں یہی کہا جائے گا کہ اس کی کوئی حقیقت نہیں ۔ مختلف ادوار میں طب کی تاریخ میں مشرکانہ اور توہم پرستی کے خیالات قائم کیے گئے ہیں اور آج بھی مروج ہیں جن کی اصلاح ضروری ہے۔بہرحال وقت کا ایک بڑا حصہ اس بحث میں کہ وباء کی کوئی حقیقت ہے یا نہیں؟ داعیان اسلام کے ذریعے ضائع کر دیا گیا ۔ وقت کے تیز ترین چوراہے پر یوسف وقت یہی طے کرتے رہ گئے کہ جانا کس طرف ہے؟
یہ معلوم کرنا بھی ضروری ہے کہ کسی وباء کا مقابلہ کرنے کےلئے جدید ماہرین کی طرف سے کیا معلومات فراہم کی جا سکی ہیں ۔ اور اس تعلق سے اسلامی رہنمائی کیا ہے ؟ کیا وہ رہنمائی فرسودہ ہے ؟ یا دنیا کی موجودہ شدید ضرورت میں تحریک اسلامی اس رہنمائی کے ذریعے کوئی رول بھی ادا کر سکتی تھی ؟
کورونا کے مسئلے پر تحریک اسلامی کا ایک قائدانہ کردار تھا لیکن افسوس کہ وہ پوسٹ کورونا دور کے انتظار میں ختم ہو گیا ۔عبد الرحمن بن عوف رض۔ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے کہ” جب تم کسی سر زمین میں (وباء سے متعلق) سنو تو وہاں نہ جاؤ ، اور جب ایسی جگہ وباء آجائے جہاں تم خود موجود ہو تو وہاں سے مت نکلو” (بخاری)
“مریض اونٹوں والا اپنے اونٹ، تندرست اونٹوں میں نہ چھوڑے” (بخاری)
چین سے وباء کی اطلاع کے بعد ہماری اور بطور خاص اسلامی قیادت کی ذمےداری کیا تھی ؟ یہ صحت عامہ کا سوال تھا ؟ کوتاہی کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے لئے خطرہ پیدا ہو سکتا تھا ؟ لیکن کیا ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس رہنمائی کی طرف لوگوں کو متوجہ کیا کہ چین سے بالواسطہ اور بلاواسطہ تمام طرح کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی جائے۔ کیا اپنے ملک اور دیگر ممالک کو اس جانب متوجہ کیا گیا ؟
متعدد پروازوں کے ذریعے ہزاروں کی تعداد میں لوگ وباء کے علاقے سے نکل کر پوری دنیا میں پھیل گئے ؟ اور چین میں ظاہر ہوئی وباء (epidemic) نے آج عالمی وباء (pandemic) کی صورت اختیار کر لی ہے ۔
عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے چین سے آنے والوں کے لیے ہوم قرنطینہ کا ایک مضحکہ خیز ضابطہ دیا۔ اس ضابطے پر لوگوں نے اتنا ہی عمل کیا جتنا کنیکا کپور نے کیا تھا۔اس کے پروگرام میں حکومت و انتظامیہ ہر طرح کے لوگوں نے شرکت کی ۔ یہ وہ لوگ تھے جو ضابطوں کی پابندی کے ذمے دار تھے ۔ کنیکا کپور کا احسان یہ ہے کہ اس نے اس ایڈوائزری کی عملیت و معقولیت کو اکسپوز کر دیا ۔
وبائی علاقے سے آمد و رفت اور ہوم قرنطینہ کے تعلق سے عالمی ادارہ صحت اور تمام حکومتوں کی جانب سے کوتاہیوں کے نتیجے میں ایک علاقائی وبا نے عالمی وباء کی شکل اختیار کر لی۔کاش تحریک اسلامی کے لوگ عالمی ادارہ صحت اور مختلف حکومتوں کو اس جانب متوجہ کرتے ۔ تعجب یہ ہے کہ واضح حدیث کے باوجود تبلیغی جماعت میں دیگر ممالک کے لوگوں کو کیوں نہیں روکا گیا ۔ جبکہ عالمی ادارہ صحت نے 30 جنورى كو اسے ایک عالمی ہنگامی مسئلہ اور 11 مارچ کو اسے عالمی وبا قرار دے دیا تھا ۔عالمی ادارہ صحت اور حکومتوں کی غلطی یہ تھی کہ وبائی علاقے سےآمد ورفت کی پابندی کو نظر انداز ہی نہیں کیا گیا بلکہ اس کی ضرورت ہی نہیں سمجھی گئی ۔ کاش جن کے پاس یہ علم تھا سائنسی طریقے سے اسے لوگوں کے سامنے پیش کرتے۔قرنطینہ ہاسپٹلز کی جگہ ایک غیر عملی اور مضحکہ خیز ضابطہ ہوم قرنطینہ (home quarantine) تجویز کیا گیا۔بعض اطباء اور دانشووبائی ملک سے آمد و رفت پر پابندی کو قرنطینہ سمجھنے کی غلطی کرتے ہیں حلانکہ دونوں صورتیں مختلف ہیں ۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جو فرمایا ہے وہ بالکل واضح ہے یعنی آمد رفت پر مکمل پابندی ۔ آخر ووھان کے مقامی شہریوں کو اللہ نے اس وباء سے راحت پہنچائی ۔ یہی شفاء ان سب کو حاصل ہوتی، جن غیر ملکیوں کو اس دوران وہاں سے نکالا گیا ۔قرنطینہ اور ہوم قرنطینہ میں فرق ہے ۔اس سلسلے میں سب سے پہلے حضرت عمر فاروق رض کا ایک اجتہاد آجکل کے عالمی ماہرین ملاحظہ فرمائیں۔ملک شام میں جب طاعون کی وباء ظاہر ہوئی حضرت ابو عبیدہ ابن جراح اپنے لشکر کے ہمراہ وہیں تھے ۔ حضرت عمر نے انہیں شام میں ہی آبادی سے دور ایک مقام پر قیام کرنے کا مشورہ دیا ۔ قرنطینہ یہ ہے ایک ایسی جگہ جوآبادی سے بالکل دور ہو ۔ آجکل کی ضروریات کے تحت ماہرین کی نگرانی میں یہ ایک مکمل ہاسپٹل ہونا چاہئے۔ جو شخص ووھان یا امریکہ سے آکر ائیرپورٹ سے سیدھےآبادی میں داخل ہوکر اپنے گھر میں پہنچ گیا اس نے قرنطینہ کے تصور کی دھجیاں اڑا دیں ۔ اس عالمی وباء کے سلسلے میں میں کتنے قرنطینہ ہاسپٹلز قائم کئے گئے ؟ عالمی ادارہ صحت نے اس بابت سوچا ہی نہیں۔سوال یہ ہے کہ وباء سے متاثرہ علاقے سے آمد و رفت پر پابندی اور قرنطینہ ہاسپٹلز کا معقول انتظام اگر ہوتا ، کیا پھر بھی یہ وباء عالمی صورت اختیار کرتی ؟ کیا حکومتوں کو لاک ڈاؤن کی ضرورت پڑتی ؟ کیا ہمارے علماء کو گھروں میں نماز کے لیے اجتھاد کرنے کی ضرورت پڑتی ؟ اور اگر تحریک اسلامی نے اس سلسلے میں اعتماد کے ساتھ کچھ قدم اٹھائے ہوتے اور تجاویز پیش کی ہوتیں. تحریک کے حوالے سے، مسلمانوں کے حوالے سے اور عام انسانیت کے حوالے سے صورت حال باکل مختلف ہوتی ۔کسی مریض میں کورونا کی تشخیص ہو جائے کے بعد ھاسپٹل کے تنہائی وارڈ (isolation ward) میں اس کو جگ دی جائے گی لیکن اس کو بھی قرنطینہ نہیں سمجھنا چاہیے ۔ قرنطینہ ،احتیاط کے طور پر، ابادی سے باہر کسی مقام یا ہاسپٹل میں ایک مخصوص مدت گزارنے کا نام ہے جبکہ وبائی مرض کی کوئی علامت ظاہر نہ ہوئی ہو ۔جدید تحقیقات کے نام پر اس وقت دنیا کے پاس صرف کورونا جانچ کٹ ہے ۔ ہندوستان میں ابھی تک اس کی فراہمی ناکافی ہے ۔ اگرجانچ کی مکمل فراہمی کو مان ہی لیا جائے ایسی صورت میں علاجِ و تدابیر کے نام پر کیا کریں گے ؟
علاجِ کی ایک صورت یہ ممکن ہو سکتی ہے کہ کسی ویکسین یا دوا کے ذریعے وائرس کی پروٹین کی سطح کو توڑ کر ناکارہ بنا دیا جائے ۔ہنوز ایسی کوئی دوا یا ویکسین موجود نہیں ۔ جو دوائیں ھاسپٹلز میں دی جا رہی ہیں وہ اس بنیاد پر دی جا رہی ہیں کہ اسی طرح کی دیگر علامات میں موثر ہیں ۔ مثلآ دیگر وائرل امراض میں کارگر ادویہ ، حالانکہ ان کے ثانوی مضر اثرات بھی ہیں۔hydroxi-chloroquine ایک نبات سے حاصل کیا جاتا ہے جسکا استعمال صدیوں سے ملیریائی بخاروں میں کیا جاتا رہا ہے۔یہی حال Azithromycin کا ہے ۔ ایک اینٹی بائیوٹک کا وائرل مرض میں کیا رول ہے ؟ کوئی تحقیقی جواب نہیں ۔ بس یہ کہا جا رہا ہے کہ کچھ مریضوں کو فائدہ ہوا ہے ۔ اہل چین کہ رہے ہیں کہ وہاں کے مریضوں کو وٹامن سی بھی مفید رہا ہے ۔ لوگ اندھیرے میں ٹامک ٹوئیاں مار رہے ہیں ۔ کوئی جدید سائنس دان یا محقق، سائنسی بنیادوں پر کوئی دوا کورونا کے خلاف اب تک پیش نہیں کر سکا۔ علاج کا دوسرا طریقہ روایتی طب کا ہے ۔ یہ وائرس یا جراثیم کی بات ہی نہیں کرتے ۔ وائرس و جراثیم کی پہچان خور دبین کی ایجاد کے بعد کی گئی۔ یہ طب جس میں آیوروید اور یونانی مخصوص ہیں ، مادہءمرض کے استفراغ کی بات کرتے ہیں ۔ادویہ مخصوصہ کے ذریعے مادہءمرض کو منضجات اور پھر مسہلات کے ذریعے مریض کے بدن سے خارج کیا جاتا ہے ۔ یہ ایک اصول علاج ہے ۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ اس وائرل عارضے میں یہ اصول علاج موثر ہے یا نہیں؟ لیکن اسے سائنسی تجربات کی بنیاد پر ہی صحیح یا غلط ثابت کر سکتے ہیں ۔ محض قدیم طریقہ علاج نام پر ریجکٹ کر دینا کافی نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ لوگوں کے وہ ذاتی مجربات ہیں جو اسی طرح کی ملتی جلتی علامات مرض میں مفید رہے ہیں ۔ ان مجربات کو بھی اسی طرح کوئی سائنسی بنیاد فراہم نہیں ہے جس طرح ہائڈراکسی کلوروکوین اور ایزیتھرومائسین کے معاملےمیں ہے ۔ تجربات کو سائنسی بنیاد فراہم کرنے کے لئے ہر طرح کی تجاویز اور ان کے مجربات پر غور کرنا ضروری ہے ۔ کلوروکوین حاصل کرنے کا ذریعہ تو یہی ہوا کہ سنکونا کی چھال کا جوشاندہ لوگ بخار وغیرہ میں صدیوں سے استعمال کرتے آ رہے تھے۔جہاں تک تحفظی اور احتیاطی تدابیر کا سوال ہے اس تعلق سے اسلام کے انفرادی واجتماعی اصول سب سے زیادہ موثر تبھی ہو سکتے ہیں جبکہ ان کی پابندی کے ساتھ ان کی ترتیب کو بھی ملحوظ رکھا جائے ۔ کچھ چھوڑ دینا اور صرف کچھ کی پابندی کرنا بھی مناسب نہیں۔ اور سماج میں تمام لوگوں کو اس کی تفہیم اور تربیت بھی ضروری ہے ۔ اور یہ بھی ضروری ہے کہ ان امور پر غور کیا جائے کہ پیش آمدہ حالات میں یہ اصول زیادہ مفید و موثر کس طرح ہو سکتے ہیں ؟ مثال کے طور پر اس بات کی بروقت اور مؤثر طریقے سے تفہیم نہیں ہو سکی کہ لوگ گھروں سے وضو کر کے مسجدوں میں تشریف لائیں۔ اور موزے وغیرہ پہن کر آ ئیں۔ مسجدوں میں وضوخانے پہلے تو نہیں ہوتے تھے ۔ مسجدوں میں نماز با جماعت کی بحث کو غیر ضروری طول دیا گیا ۔ ضرورت اس بات کی تھی کہ تحفظ مرض کے حوالے سے اسلام کے طہارت صفائی کے اصولوں کی اس موقع سے مسلم و غیر مسلم، عام لوگوں کو روشناس کرایا جاتا۔ مریضوں، بچوں اور بوڑھے لوگوں کو متوجہ کیا جاتا کہ وہ ان حالات میں گھروں میں ہی نمازباجماعت ادا کریں۔ لوگوں کو متوجہ کیا جاتا کہ ایک ہی مسجد میں اور قریب کی مسجد میں ہی نماز ادا کریں ۔گھر سے باوضو ہوکر اور ماسک لگاکر مسجد میں حاضر ہوں۔ مسجدوں کی خصوصی تطہیر اور قالین وغیرہ ہٹانے کا کام اکثر لاک ڈاون کیلئے حکومتی ایڈوائزری آنے کے بعد کیا گیا ۔ کاش ہمارے قائدین اس جانب عام مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ عام لوگوں اور حکومتوں کو متوجہ کرنے کا کام کرتے ۔
(مضمون نگار طب یونانی کے ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ تحریک اسلامی کے سرگرم کارکن ہیں .رابطہ نمبر:9918133465 )

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here