اعظم گڑھ،7اپریل(زمینی سچ) اردو کے ممتاز ادیب،شاعر،نقاد اور ماہر تعلیم ڈاکٹر ابرار اعظمی کا چھ اورسات اپریل کی درمیانی شب میں 2 بجے خالص پور میں انتقال ہو گیا۔ان کی عمر تقریبا 84 برس تھی۔ڈاکٹر اعظمی مالٹاری پی جی کالج مالٹاری، اعظم گڑھ کے شعبہ تعلیمات سے وظیفہ یاب تھے۔ ان کے تین شعری مجموعے اور کئی اہم علمی ، ادبی اور دینی کتابیں شائع ہوئیں۔وہ جامعۃ الفلاح،بلریاگنج،اعظم گڑھ کے بانی رکن تھے۔ان کی تدفین 7 اپریل کو دوپہر 2 بجے آبائی وطن موضع خالص پور،اعظم گڑھ میں ہوئی. شبلی اکیڈمی کے اعزازی رفیق ڈاکٹر محمد الیاس اعظمی کے مطابق ڈاکٹرابرار اعظمی5 فروری 1936 کو خالص پور،تحصیل سگڑی ،اعظم گڑھ میں پیدا ہوئے۔میاں جی اسلامیہ کالج گورکھپور میں وہ معروف نقاد اور دانشورشمس الرحمن فاروقی کے ہم سبق تھے۔ ۔انہوں نے الہ آباد اور علی گڑھ میں تعلیم حاصل کی۔وہ تعلیمات میں پی ایچ ڈی تھے۔ ڈاکٹرابرار اعظمی کے تین شعری مجموعے جوہر آئینہ۔ پرستش وعقیدت۔غبار شیشہ ساعت شایع ہوئے۔انہوں نے متعدد اہم اور قیمتی کتابیں اور رسالے لکھے۔ ان میں نثر پارے خاص طور پر قابل ذکر ہے۔شمائل ترمذی کی انہوں نے جو تلخیص کی تھی وہ بھی قدر کی نگاہ سے دیکھی گئی. انہوں نے شاعری کے ساتھ بعض افسانے بھی لکھے ان کا ایک مجموعہ وہ ایک رات اور دوسرے افسانے کے عنوان سے شائع ہوچکا ہے۔فاروقی صاحب کی بعض نادر تحریریں مرتب کرکے بازیافت کے نام سے شائع کیں۔انہیں قران مجید کی تعلیم سے بہت دلچسپی تھی اور وہ اس کی تعلیم پر بہت زور دیتے تھے۔آئیے قرآن پڑھیں ان کا کتابچہ بہت مقبول ہوا اور اس کے کئی ایڈیشن چھپے۔ان کی تخلیقات آج کل۔معارف۔شب خون اور دیگر متعدد رسائل و جرائد میں شائع ہوتی تھیں۔اصلا وہ تعلیم کے آدمی تھے۔مالٹاری پی جی کالج میں شعبہ تعلیمات کے صدر رہے اوراسی عھدے سے سبکدوش ہوۓ۔وہ جامعۃ الفلاح کے فاؤنڈر رکن تھے اورادارہ کے معاملات میں بڑی دلچسپی لیتے تھے۔ انہوں نے سوشل ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا تھا جس کے تحت متحرک رہتے تھے۔سیرت نبوی سے انہیں بڑا تعلق تھا۔اس موضوع پر کام کے لئے انہوں نے کئی سال انعامی مقابلے منعقد کئے اور انعامات تقسیم کراۓ۔اس کا بنیادی مقصد طلبہ بالخصوص نئی نسل کو سیرت النبی سے آگاہ کرانا تھا۔اس کے لئے انہوں نے ایک رقم اپنی پنشن سے فراہم کی تھی۔ان کی وفات سے اعظم گڑھ کی قدیم روایت کی ایک بنیادی کڑی ٹوٹ کر بکھر گئی ہے۔ ان کی وفات سے اعظم گڑھ سوگوار ہے۔ بالخصوص ادبی حلقہ بہت رنجیدہ ہے.

