ممبئی :یکم /اپریل :سینئرکانگریس لیڈراورمہاراشٹر کے سابق اقلیتی امور وزیرمحمد عارف نسیم خان نے آج یہاں دہلی میں تبلیغی جماعت کے مرکز نظام الدین میں کوروناوائرس کی بیماری کی گمراہ کن خبریں شائع کرنے والے اور نشر کرنے والے میڈیا کیخلاف کارروائی کئے جانے کامطالبہ کیاہے۔
نسیم خان نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ جس دن وزیراعظم نریندرمودی نے ایک دن کاجنتاکرفیونافذ کیاتھا،اس سے قبل ہی تبلیغی جماعت کے کئی ایک افراد کی اچھی خاصی تعدادنظام الدین مرکز میں موجود تھی اوراس بات سے تبلیغی جماعت کے منتظمین نے مقامی پولیس اورانتظامیہ کومطلع کیاتھانیزاس کے بعد جب انڈیالاک ڈاؤن نافذ ہوااس وقت اوراس سے قبل بھی تبلیغی جماعت کے سربراہ مولاناسعد کاندھلوی سمیت دیگر منتظمین نے انتظامیہ اور پولیس سے مرکز میں مقیم تبلیغی جماعت کے افراد کوان کے متعلقہ مقامات پر پہنچانے کی اجازت طلب کی تھی لیکن ا س پر کوئی دھیان نہیں دیاگیااور نہ ہی کوئی اطمینان بخش کارروائی کی گئی۔
انھوں نے کہاکہ اخبارات اور نیوز چینلوں کاایک طبقہ مرکز والے معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہاہے اوراس کی آڑ میں ملک کے مسلمانوں کوبدنام کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔نسیم خان نے کہاکہ کچھ میڈیا اورصحافی گمراہ کن اور فرقہ پرستی پر مبنی رپورٹ پیش کرکے حقائق کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں لہٰذاجوحکومت لاک ڈاؤن کے د وران افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کااعلان کرتی ہے اسی مرکزی حکومت کوایسے صحافیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جوگمراہ کن خبریں پھیلاکربیماری کی آڑ میں دوقوموں کے درمیان دراڑ پیداکرناچاہتے ہیں۔

