نئی دہلی،یکم اپریل : مسلم پرسنل بورڈ کے سابق ترجمان اور مشہور عالم دین مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی نے تبلیغی جماعت کے بارے میں میڈیا کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا کو پہلے حقائق کا پتہ کرنا چاہئے اس کے بعد تبلیغی مرکز کے خلاف پروپیگنڈہ میں ملوث ہونا چاہئے۔
مولانا نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہاکہ میڈیا کس قدر جہالت میں مبتلا ہے اس کا اندازہ ان کے فوٹو کے استعمال سے ہورہا ہے۔ مولانا نے وضاحت کی کہ کچھ ہندی کے اخبارات اور ٹی وی چینلزتبلیغی مرکز کے سربراہ مولانا سعد کے نام کے ساتھ ان کا فوٹو کا استعمال کر رہا ہے جو کہ قابل جرم ہے۔ مولانا نعمانی نے کہاکہ متعدد اخبارات اور ٹی وی چینلز نے مولانا سعد کے فوٹو کی جگہ پر ان کا فوٹو استعمال کیا ہے۔ اس سے انہیں تکلیف پہنچی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستانی میڈیا کس قدرغیر ذمہ دار ہوچکا ہے وہ یہ بھی نہیں دیکھتا کہ نام کس کا ہے اور فوٹو کس کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے بہانے تبلیغی مرکز کو نشانہ بناکر پورے مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستانی میڈیا اس قدر گرچکا ہے کہ وہ موذی مرض کورونا کو بھی ہندو مسلم کا نام دینے میں لگ گیا ہے اور اسے بہانہ بناکر تبلیغی مرکز کے خلاف مہم شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اچانک لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کی ذمہ داری کس کی تھی۔
مولانا نعمانی نے کہاکہ سڑکوں پر موجود لاکھوں مزدوروں، بے سہاروں اور بھوکوں سے توجہ ہٹانے کے لئے میڈیا یہ کھیل کھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن میڈیا ہاؤس نے ان کے فوٹو کا استعمال کیا ہے وہ اس کے لئے معافی مانگے اور اخبارات اور چینلز پر اس کی وضاحت جاری کرے۔

