لکھنؤ:یکم اپریل(زمینی سچ):کورونا وائرس سے بچاو کے لئے ہر ممکن اقدام کے دوران اترپردیش میں کووڈ۔19متاثرین کے ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ریاست میں بدھ گورکھپور اور میرٹھ میں ایک ایک کووڈ۔19 متاثرہ افراد کی موت ہوگئی ۔جبکہ 114 مریضوں کا علاج ریاست کے مختلف اسپتالوں میں جاری ہے۔یوپی کے پرنسپل سکرٹری(صحت) نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں بتایا کہ یو پی میں کووڈ۔19 متاثرین کی پہلی موت گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں ہوئی جہاں بستی ضلع کے رہنے والے 25 سالہ نوجوان نے پیر کو دم توڈ دیا۔انہوں نے بتایا کہ متوفی کی باہر جانے کی کوئی تاریخ نہیں ہے اور گذشتہ دو سالوں سے گردے کے عارضے میں مبتلاء تھا۔کورونا وائس سے متعلق ان کی رپورٹ بدھ کو آئی ہے جس میں ان کے کورونا وائرس سے متاثرہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔پرنسپل سکریٹری نے بتایا کہ دوسری موت میرٹھ میں ہوئی جہاں 72 سالہ شخص نے بدھ کی دوپہر بعد دم توڑد یا۔متوفی اپنے ایک قریبی رشتہ دار کے رابطے میں آئے تھے جو کہ مہاراشٹرا سے آئے تھے۔ریاست میں کورونا وائرس کے آج 13 نئے معاملے درج کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ افسران بستی میں ہلاک ہونے والے 25 سالہ نوجوان کے رابطے میں آنے والے افراد کی تلاش شروع کردی ہے لیکن ابھی تک کسی بھی شخص کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ ریاست میں ابھی تک مجموعی 116 کووڈ۔19 متاثرین میں سے 17 افراد مکمل صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں جبکہ بقیہ کی حالت مستحکم ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں کووڈ۔19 سے متاثرہ مریضوں میں سب سے زیادہ 48 افراد کا تعلق گوتم بدھ نگر سے ہے جبکہ میرٹھ میں 18 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔علاوہ ازیں آگرہ میں 12،لکھنؤ میں 9،غازی آباد میں 8،بریلی میں 6،وارنسی اور پیلی بھیت میں دو۔ دو اور بلند شہرمیں تین کووڈ۔19متاثرہ افراد کا علاج جاری ہے۔ساتھ ہی لکھیم پور کھیری،کانپور، مرادآباد، شاملی، جونپور،باغپت،اور بستی میں ایک۔ایک مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
پرنسپل سکریٹری نے بتایا کہ ریاست میں 28مارچ کو متاثرین کی تعداد 48 تھی جو 29 مارچ کو 67اور 30 مارچ کو 87 تک پہنچ گئی۔اس کے بعد متاثرین کی تعداد میں کچھ گراوٹ درج کی گئی اور 31مارچ کو صرف 14 جبکہ یکم اپریل کو خبر لکھےجانے تک صرف 12 افراد میں کووڈ۔19 کی تصدیق ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کافی ضروری تھا۔
وہیں دوسری جانب حکومت نے دیہی علاقوں میں 80کووڈ اسپتالوں کی نشاندہی کی ہے۔جن میں سے 51 اسپتال ڈویژن اور ضلع سطح کے ہیں جبکہ 6اسپتال ریاستی سطح کے ہیں جو کہ پریاگ راج، جھانسی،میرٹھ کے میڈیکل کالج ہیں جبکہ دیگر ایس جی پی جی آئی لکھنؤ اور پی جی آئی سیفئی ہیں۔ان اسپتالوں میں 200 بستر اور 40وینٹی لیٹر ہیں۔

