لکھنؤ: اترپردیش حکومت نے مانسون سیشن کے دوسرے دن ریاست کے ضلع مرادآباد میں سال 1980 میں ہونے والے فرقہ وارانہ فساد کی انکوائری رپورٹ اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں پیش کردی۔اس فساد میں 83لوگ مارے گئے تھے جبکہ 112 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ہائی کورٹ کے سبکدوش ریٹائرڈ جج ایم پی سکسینا کے ذریعہ نومبر 1983 میں پیش کی گئی انکوائری رپورٹ کو پارلیمانی امور کے وزیر سریش کمار کھنہ رپورٹ کو اتنی تاخیر سے اسمبلی میں پیش کئے جانے کی وجہ بتاتے ہوئے نے دونوں ایوانوںمیں پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 13اگست 1980 میں ریاست کے ضلع مرادآباد میں عید الفطر کے دن عیدگاہ میں عید کی نماز کی ادائیگی کے وقت خنزیروں کو دھکیلےجانے کی مبینہ افواہ کے بعد فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے جو بعد میں ضلع کے دیگر حصوں میں پھیل گیا تھا۔
تقریبا 40سالوں کی تاخیر کے بعد اسمبلی میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق کوئی بھی حکومتی افسر، ملازم یا ہندو عیدگاہ یا کسی دیگر مقام پر فساد کا ذمہ دار نہیں ہے۔انکوائری رپورٹ کے خاتمہ میں لکھا گیا ہے کہ نہ تو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) اور نہ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی) کسی بھی صورت میں اس فساد میں شامل تھے اور نہ ہی عام مسلمان عیدگاہ میں شرپسندی کے ذمہ دار ہیں۔
رپورٹ میں واضح طور پر لکھا گیا ہے یہ ڈاکٹر شمیم احمد کی قیادت والی مسلم لیگ اور ڈاکٹر حسین عرف ڈاکٹر اجی ، ان کے خاکساروں،اور کرایہ کے افراد کی کارگذاری تھی۔یہ سب پہلے سے منصوبہ بند تھا اور ان کے ہی دماغ کی پیداوار تھی۔
رپورٹ کے مطابق جب یہ افواہ پھیلی کہ کہ نمازیوں کے درمیان خنزیر ڈھکیل دئیے گئے ہیں۔اور عید گاہ پر بچوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں مسلمان مار ڈلے گئے تو مسلمان غصے میں آپے سے باہر ہوگیا۔اور انہوں نے تھانوں، پولیس چوکیوں اور ہندؤں پر تابڑ توڑ حملہ کردیا۔جس کے نتیجے میں ہندوں نے بھی بدلہ لیا اور اس طرح یہ پورے طور سے فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کرگیا۔
رپورٹ میں فاضل انکوائری افسر نے لکھا ہے ہر طبقے میں کچھ شرپسند عناصر ہوتے ہیں۔اور وہ اوپر بتائی گئی حالت میں اپنی پرانی دشمنی نکالنے اور حالات کو مزید خراب کرنے کے لئے فورا سامنے آجاتے ہیں۔ساتھ ہی اس بات کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ ایک بڑی تعداد بھگڈر مچنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات دوبارہ نہ ہوں اس کے لئے متعدد سفارشات قلم بند کی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ فساد کے وقت ریاست میں کانگریس کے وشوناتھ پرتاپ سنگھ کی حکومت تھی جبکہ مرکز کا اقتدار اندرا گاندھی کے ہاتھوں میں تھا۔

