لکھنؤ: اترپردیش میں گذشتہ کئی دنوں سے متعدد اضلاع میں ہورہی موسلا دھار بارش کی وجہ سے جہاں گاؤں کے گاؤں سیلاب کے زد میں ہیں تو وہیں بارش سے ہونے والے حادثات سے ہونے والے جانی نقصان و پانی کی وجہ سے مفلوج معمولات زندگی کے درمیان محکمہ موسمیات میں مزید تین دنوں کی بارش کی پیشین گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات سے موصول اطلاع کے مطابق باندہ ، چترکوٹ، کوشامبی،پریاگ راج،فتح پور،پرتاپ گڑھ،سونبھدر،مرزاپور،چندولی، وارانسی، سنت کبیر نگر،جونپور، غازی پور،اعظم گرھ، مئو، بلیا، دیوریا، گورکھپور،بستی اور کشی نگر میں اگلے 24گھنٹوں میں طوفانی بارش کے امکانات ہیں۔وہیں محکمہ نے گونڈہ، بلرامپور، شراوستی، بہرائچ، لکھیم پور کھیری،بارہ بنکی اور ملحقہ علاقوں میں شدید سے شدید تر بارش کا انتبا ہ دیا ہے۔
وہیں لگاتار ہورہی بارش سے جہاں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔تو پانی سے ڈوبتے دھان کے کھیتوں کو دیکھ کسانوں کے ماتھے پر شکن کے بل آگئے ہیں۔کھیتوں میں لہلہاتی دھان کی پکی فصل جہاں پانی میں غرقاب ہے تو وہیں سرسو کی بوائی کے لئے تیارکھیت زیر آب ہیں۔پانی سے سرسو کی کھیتی میں تو تاخیر ہوئی ہی ہے۔ دھان کی پکی فصل کی بڑے پیمانے پر تباہی ہے۔پانی نہ نکلنے کی وجہ سے کھیت میں ہی دھان میں دوبارہ کونپلیں نکلنا شروع ہوجائیں گی اور وہ خراب ہوکر کسی کام کا نہیں رہےگا۔ لگاتار ہورہی بارش کی وجہ سے دھان کی جو کھڑی فصل ہے وہ بھی کالا ہونے لگا ہے۔ جو کہ کسانوں کے لئے تشویش باعث ہے۔
خریف کے فصل میں موسم کے بدلتے مزاج کی وجہ سے کسانوں کو دوہرے مار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پہلے سوکھے کی مار اوراب پانی کی مار جھیل رہے کسانوں کے چہرے کی رونق چھین لی ہے۔خریف فصل کی بوائی کے وقت سوکھے کے حالات پیدا ہوگئے جس میں کسانوںکو کافی نقصان اٹھانا پڑا اور جو کچھ محنت کرکے کسانوں نے اپنی فصل لگائی تھی تو اب وہ پکنے کے بعد بارش کی نظر ہوگئی ہے۔ابتدا میں سوکھے کی وجہ سے کتنے ہی کسانوں کی فصلیں سوکھ گئیں اور جو بچی تھیں اب وہ زیر آب ہیں۔
ا س درمیان بہرائچ سے موصول اطلاع کے مطابق ضلع کے قیصر گنج، مہسی، نانپارہ اور مہی پوروا(تحصیلیں) سیلاب سے متاثر ہیں ۔ ان تحصیلوں کے سینکڑوں گاؤں میں گھاگھرا ندی کی طغیانی قہر برپا کررہی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے 16افراد کو بچایا ہے۔گھاگھرا ندی کے ساحلی گاؤں میں سیلاب کا پانی داخل ہوگیا ہے۔لگاتار ہورہی بارش سے لوگوں کو کافی دشواریوں کو سامنا ہے۔لگاتار ندی کے آبی سطح میں بھی استحکام نہیں ہے۔ لگاتار بڑھتے آبی سطح سے مقامی مکینوںمیں دہشت کا ماحول ہے۔وہیں بارش کی وجہ سے ہوئے حادثات میں ابھی تک تین افراد کی موت ہوئی ہے۔
ضلع رامپور اور شراوستی میں راپتی ندی کی طغیانی میں سینکڑوں گاؤں غرقاب ہوگئے۔نیپال سےپانی چھوڑے جانے کی وجہ سے بلرامپور میں راپتی ندی خطرے کے نشان سے 136سینٹی میٹر اوپر پہنچنے سے تباہی کے منظر کافی خوفناک ہوتا جارہا ہے۔ضلع کے صدر، اترولہ اور تلسی پور سمیت کل 243گاؤں کی تقریبا 2لاکھ آبادی سیلاب کی زد میں ہے۔تحصیل صدر میں راپتی ندے کے اک دم کنارے آباد بھیکم پور۔ کٹرا شنکر گاؤں ٹاپو بن گئے ہیں۔ ندی کی طغیانی میں دونوں گاؤں زیر آب ہیں اور لوگ اپنی مکانات کے چھتوں پر رہنے کو مجبور ہیں۔مقامی انتظامیہ نے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں اتار دی ہیں۔
ڈی ایم مہندر کمار نے بتایا کہ ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو راحت کی اشیاء پہنچانے اورآمدورفت کے لئے 107کشتیاں اور دو موٹر بوٹ لگائے گئے ہیں۔راحت رسانی کے کام کے لئے ایس ڈی آر ایف اور پی اے سی کی ٹیمیں انجام دے رہی ہیں۔اور ساحلی علاقوں میں موجود افراد کو اونچے مکانات تک پہنچایا جارہا ہے۔ضلع میں کل 18825ہیکٹر زرعی زمین زیر آب ہے۔
گونڈہ سے موصول رپورٹ کے مطابق گھاگھرا، سریو ، کوانو، بسوہی، منورما، ٹیڑھی ندیوں میں آئی طغیانی سے 107گاؤں سیلاب کی زد میں ہیں۔اور تقریبا 73000آبادی سیلاب کی مار جھیل رہی ہے۔وہیں 2500ہیکٹر رقبے میں لگی فصل غرقاب ہے۔

