نئی دہلی: انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے کہا ہے کہ ہندوستان جیسے ملک کے لئے ’ہرڈ امیونیٹی‘ کو آزمانا تباہ کن قدم ثابت ہوگا اور اس طرح کے جو مشورے دیئے جارہے ہیں ان سے کورونا کو شکست دینے میں کوئی مدد نہیں ملے گی کیونکہ کئی ترقی یافتہ ممالک اس کے نتائج بھگت چکے ہیں۔
ڈاکٹر بھارگو نے یواین آئی کو بتایا کہ ہمارے ملک کی آبادی بہت زیادہ ہے۔ آبادی کی ڈینسیٹی بھی زیادہ ہے اور کچھ ایجنسیوں نے یہاں ’ہرڈ امیونیٹی‘ یعنی ماس امیونیٹی کو ڈیولپ کرنے کے جو مشورے دیئے ہیں وہ تباہ کن قدم ثٓابت ہوسکتے ہیں کیونکہ اس سے لاکھوں لوگوں کی موت ہوسکتی ہے جسے ملک کسی بھی حالت میں قبول نہیں کرسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کے استعمال کے لئے ملک کی کم سے کم ساٹھ فیصد آبادی میں اس وائرس کے انفیکشن کو پھیلانے کی اجازت دی جاتی ہے یعنی لوگوں کو کسی طرح کی احتیاط نہیں برتنے کے بجائے انہیں پہلے کی طرح رہنے کو کہا جاتا ہے۔
اس کی حقیقی بنیاد ہے کہ لوگ زیادہ ملیں گے تو ان میں وائرس کا پھیلنا تیزی سے ہوگا اور جب وہ انفیکشن سے متاثر ہوں گے تو جسم اس وائرس کے خلاف مزاحمانہ صلاحیت حاصل کرلے گا یعنی ان میں دفاعی یعنی اینٹی باڈی بن جائیں گے۔

