کورونا کے دوران پولیس کا انسانی چہرہ لوگوں کے سامنے آیا: مودی

0

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ پولس افسران کو ہمیشہ اپنی وردی کے وقار کو برقرار رکھنا چاہئے اور کورونا وائرس کی وبا کے دوران پولس کا انسانی چہرہ اچھے کاموں کے ساتھ عوام کے سامنے آیا ہے، جو طویل عرصے سے ان کے ذہن میں رہے گا۔
مسٹر نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولس اکیڈمی میں انڈین پولس سروس (آئي پی ایس) کے زیر تربیت اہلکاروں کے کنوکیشن پریڈ میں حصہ لیا اور مستقبل کے پولس افسران سے اپنے خطاب میں یہ اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولس کو ہمیشہ اپنی وردی پر فخر ہونا چاہئے اور اس کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ وزیر اعظم نے کہا اپنی وردی کا وقار کم نہ ہونے دیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے دوران لوگوں نے خاکی وردی کا انسانی چہرہ دیکھا ہے جو کوروناوائرس کی وبا کے دوران اچھے کام کی وجہ سے طویل عرصے تک ان کے ذہن میں پیوست رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پولیس افسران کو باریکی سے کام کرنے پر توجہ دینی ہوگی، اس کے لئے کام کی باتوں پر توجہ دینی ہوگی اور بے معنی چیزوں سے صرف نظر کرنا ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ جرائم کی تحقیقات کے وقت زیادہ سے زیادہ ٹکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہئے لیکن اس کے ساتھ ہی زمینی سطح پر خفیہ معلومات اکٹھا کرنا بھی بہت ضروری ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے بھی اس موقع پر تربیت یافتہ اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ “مجھے امید ہے کہ یہ نوجوان افسر ملک کی سلامتی اور اتحاد کو یقینی بناتے ہوئے پوری عقیدت کے ساتھ قوم کی خدمت کریں گے۔ مجھے پختہ یقین ہے کہ ان افسران کی قوم اور ڈیوٹی سے وابستگی ہمارے نوجوانوں کو انڈین پولس سروس میں شامل ہونے کے لئے ترغیب دے گی۔
مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی اور مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس کنووکیشن میں شامل ہوئے۔
نوجوان پولس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر کرنا چاہئے کہ وہ ایک ایسی خدمت سے وابستہ ہیں جو لوگوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے مستقل طور پر کام کرتی ہے۔ انہوں نے عوام میں پولس کے بارے میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ان 131 تربیت یافتہ اہلکاروں میں 28 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان افسران نے سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولس اکیڈمی میں بنیادی کورس کے فیز 1 میں 42 ہفتے کی تربیت مکمل کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here