کورونااور درباری صحافت کا رویّہ

0

سراج نقوی
جس وقت پوری دنیا اور اس کا میڈیا کرونا کے خلاف متحد ہو کر جنگ لڑنے کی بات کر رہا ہے ایسے حالات میں بھی ہمارے قومی میڈیا کا بڑا حصّہ اپنے فرض منصبی اور انسانی دردمندی کو بالائے طاق رکھ کربے شرم سیاست دانوںکے نفرت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا کا م کر رہا ہے۔کرونا کے تعلق سے پیش آنے والے افسوناک اور باعث تشویش واقعات کو ایک خاص مذہب کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
دراصل ہمارے ملک کے میڈیا کا بڑا حصہ درباری صحافت کے جال میں پھنس چکا ہے۔اس درباری صحافت کا المیہ یہ ہے کہ اس سے وابستہ افراد کو دربار کی طرف سے مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ حد بندی کی جو عینک دی گئی ہے اس کے سبب وہ ہر واقعہ کو اسی عینک سے دیکھنے کے لیے پابند عہدہے۔ دربار سے انعام و اکرام کے لالچ یا خوف میں اس میڈیا نے حقائق کی تشریح کے جو پیمانے طے کیے ہیں ان میں غیر جانبداری ،ایمانداری اور سچ کہنے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ایسا کرنے کی صورت میں مذہبی منافرت اور فرقہ وارانہ تفریق کے ایجنڈے پر عمل کرنا ممکن نہیں رہتا۔اس سے حصول اقتدار کی راہ بھی دشوار ہو جاتی ہے۔یہی سبب ہے کہ جب کرونا کا قہر پوری دنیا کو اپنی گرفت میںلے چکا ہے تو ہمارے میڈیا کے سامنے مسئلہ یہ تھا کہ اس کے پاس درباری صحافت کے فرائض انجام دینے کے مواقع بہت محدود ہوگئے تھے ،اور مذہب کے نام پر کسی کو بدنام کرنے کے لیے کوئی موضوع نہیں بچا تھا۔
ان حالات میں اچانک یہ خبر آئی کہ دلّی کے نظام الدین علاقع میں واقع تبلیغی جماعت کے مرکز میں کافی بڑی تعداد میںلوگ جمع ہیں اور ان میں سے ایک شخص کی کرونا کے سبب موت ہوگئی ہے۔اس خبر کے آتے ہی ایسا لگا کہ جیسے درباری صحافت سے وابستہ میڈیا کواپنا فرقہ وارانہ کھیل کھیلنے اور اس بہانے ایک خاص طبقے یا مذہب کے لوگوں کو نشانہ بنانے کا موقع مل گیا ہے۔مرکز سے متعلق خبروں کے سامنے آنے کے بعد ہمارے میڈیا کے بڑے حصّے نے اس معاملے کو جس طرح عوام کے سامنے رکھا اس سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے فرقہ واریت کے ڈریکولا کو پھر ایک شکار ہاتھ لگ گیا ہے۔ جہاں تک تبلیغی جماعت کی سرگرمیوں کا تعلق ہے وہ ایک الگ موضوع ہے اور اس پر ملّت کے ذمہ دار کسی مناسب پلیٹ فارم پر گفتگو کر سکتے ہیں۔راقم تبلیغی مرکز میں بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے سے متعلق متضاد دعووںپر بات کرنے کی پوزیشن میں اس لیے نہیں ہے کہ میرے پاس ان دعووں کی صداقت کے تعلق ستے کوئی ٹھوس جانکاری نہیں ہے۔جو صورتحال نظام الدین میں واقع مرکز میں لوگوں کے بڑی تعداد میں جمع ہونے کے نتیجے میں پیدا ہوئی اس پر بھی بحث سے میں خود کو الگ رکھنا چاہتا ہوں۔اس لیے کہ اس تعلق سے کوئی حتمی بات غیر جانبدار اور منصفانہ جانچ کے بعد ہی کہی جا سکتی ہے ۔جس کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آتا۔
البتّہ ایک بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ ہمارا مبینہ میڈیا جسے اب لوگ ’گودی میڈیا‘ کہنے لگے ہیں اس نے نفرت کی کاشت کا سلسلہ چند روز کے توقف کے باقاعدہ پھر شروع کردیاہے۔دلّی کے منظم فرقہ وارانہ فسادات کا زہر کورونا کے قہر سے پیدا حالات میں کم ہونے لگا تھا اور مسلم فوبیا کے شکار میڈیا کو دربار سے وفاداری کے اظہار کا کوئی موقع نہیں مل رہا تھا لیکن تبلیغی جماعت کے واقعہ نے انھیں یہ موقع فراہم کر دیا ہے۔
اس معاملے میں میڈیا کس طر ح زہر افشانی کی مہم میں لگا ہوا ہے اس کا اندازہ مختلف ٹی وی چینلوں میں اس تعلق سے آنے والی خبروں کی سرخیوں سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔ایک چینل نے جماعت سے متعلق خبر کا اپنے انداز سے تجزیہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ’’جان ضروری یامذہب‘‘ ظاہرہے اس سرخی سے ایک عام آدمی یہ نتیجہ اخذ کر سکتا ہے کہ اسلام میں انسانی زندگی کی قیمت مذہبی ارکان کی ادائیگی سے کم تر ہے ،حالانکہ یہ پوری طرح غلط ہے اوراس کی بے شمار مثالیں اسلامی تاریخ سے پیش کی جا سکتی ہیں کہ جب اسلام نے انسانی زندگی بچانے کوتمام باتوں پر ترجیح دی۔کئی دیگر چینلوں نے اس واقعہ پر جو سرخیاں لگائی ہیں ان پر بھی ایک نگاہ ڈال لیں۔فرقہ واریت کا زہر پھیلانے کے لیے بدنام ایک چینل دیر تک ’کرونابم‘کی اصطلاح اس خبر کوچلانے کے دوران استعمال کرتا رہا اور دارلعلوم دیوبند میں مبینہ طور پر ۵۰۰ طلباء کو مشکوک بتا کرانھیں کرونا بم قرار دیتا رہا۔ایک دیگر چینل یہ من گھڑت دعویٰ کرتا رہا کہ جماعت دہشت گردوں کے لیے خود کش بمبر تیار کرتی ہے۔ اس کے علاوہ ’جماعت کانڈ‘،’کرونا کا کھلنائک ‘ ’کرونا جہاد سے دیش بچائو‘ ’جماعت کاآگھات‘ ’دھرم کے نام پر جان لیوا ادھرم‘ ’کورونا کی جماعت‘’تبلیغی جماعت کا القاعدہ کنکشن‘ ا ور اس جیسے کئی دیگر عنوانات چینلوں پر چھائے رہے۔خبر کو صرف خبر نہ رکھ کر اسے نفرت پھیلانے کا ذریعہ بنانے کا یہ کھیل تادم تحریر جاری ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ مرکز یا کسی رہاستی حکومت نے اسے روکنے کے لیے کوئی سخت قدم بھی نہیں اٹھایاہے۔ ایک اور خبر جو حالانکہ ایک دو چینلوں نے ہی چلائی لیکن جس کے مذموم مقصد کو کوئی بھی محسوس کر سکتا ہے وہ پاکستان سے متعلق ہے۔اس خبر میں بتایا گیا کہ پاکستان کی حکومت نے کرونا سے متاثر ہونے والے ہندوئوں کو راشن دینے سے انکار کر دیا ہے۔حالانکہ یہ خبر بیشتر چینلوں میں جگہ نہیں پا سکی لیکن ایک درباری صحافی کے چینل کے ذریعہ چلائی گئی اس خبر کے پیچھے چھپی ہوئی بد نیتی کو آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔یہ بحث غیر ضروری ہے کہ اس خبر میں کتنی صداقت ہے ،لیکن موجودہ حالات میں اسے اہمیت دینے کا بہرحال کوئی جواز قابل قبول نہیں ہو سکتا۔اس لیے کہ مفاد پرست عناصر اس کا استعمال ملک کے عوام میں مذہبی منافرت پھیلانے اور انھیں تقسیم کرنے کے لیے کر سکتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ جب پوری دنیا کرونا کے عذاب سے دوچار ہے اور اس سے حفاظت کے طریقے تلاش کر رہی ہے تو درباری میڈیا کرونا کے پھیلائو کو ہندوستانی مسلمانوں کی ایک خاص جماعت سے جوڑنے اور عوام کی توجہ بنیادی مسئلے یعنی کرونا سے ہٹانے کی سازش کیوں کر رہا ہے؟بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ اس مصیبت کو ایک خاص نظریے سے دیکھ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کیوں کی جا رہی ہے؟اسی نوعیت کے دیگر معاملات کی پردہ پوشی کیوں ہو رہی ہے۔سچ یہ ہے کہ ملک کے عوام کرونا سے جنگ کے معاملے میں حکومت کی ناکامیوں اور غیر اطمینان بخش تیاریوں کو لیکر سوال اٹھانے لگے تھے ۔اس بات پر بھی بحث شروع ہو گئی تھی کہ لاک ڈائون کا فیصلہ دیر سے اور عوام کو اس کے لیے تیار ہونے کا مناسب وقت دیے بغیر لیا گیا۔اسی کا نتیجہ یہ ہوا کہ جو لوگ اپنے گھروں سے دور تھے انھوں نے لاک ڈائون کو توڑکر بڑا مسئلہ کھڑا کر دیا ۔جس سے ملک کے کئی حصّوں میں حالات بے قابو ہو گئے۔ان تمام مسائل اور عوام کے درمیان حکومت کی سست روی سے پیدا ہونے والی بے چینی سے توجہ ہٹانے کے لیے درباری میڈیا کو تبلیغی جماعت اور اس کے نظام الدین مرکزکا موضوع ہاتھ لگ گیا اور اس معاملے کی تمام تر غلطی جماعت کے ذمہ داروں پر ڈال دی گئی۔حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اس معاملے میں جماعت کے ساتھ ساتھ مرکز اور دلّی کی حکومتیں بھی کم ذمہ دار نہیں ہیں۔اسی لیے اب یہ سوال اٹھ رہے ہیں کہ حکومت صرف جماعت کے خلاف ہی کیوں کارروائی کر رہی ہے اور لاک ڈائون کی خلاف ورزی کے مرتکب دیگر افراد جن میں اعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی شامل ہیں ان پر ایف آئی آر درج کیوں نہیں کی گئی۔اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے سابق گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ اس معاملے میں دوہرے پیمانے اختیار کر رہی ہے۔انھوں نے سوال کیا ہے کہ شیو راج سنگھ چوہان کی رسم حلف برداری میں شامل ہونے والوں اور انھیں مدعو کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کیوں نہیں درج کی گئی۔عزیز قریشی نے لاک ڈائون کے مودی کے فیصلے میں تاخیر کو بھی مدھیہ پردیش کے حالیہ سیاسی منظر نامے سے جوڑا ہے اور مرکزی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ بہرحال اس میں کوئی شک نہیں کہ درباری میڈیا نے جماعت کے معاملے کو جس رنگ میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے اس سے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ ہمار انظام اور جمہوریت کے بنیادی ستون آمریت کی گرفت میں ہیں،اور فرقہ پرست طاقتوں کے اشارے پر انسانی اور سماجی مسائل کو ایک خاص عینک سے دیکھ کر ملک کی فضا کو کرونا سے بھی زیادہ مسموم کر رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here