کسان لیڈروں نے کسان پریڈ کے دوران تشدد کی مذمت کی

0

نئی دہلی: نئے زراعتی قوانین کو رد کرنے مطالبے میں احتجاج کرنے والے لیڈروں نے یوم جمہوریہ کے موقع پر دارالحکومت میں کسان پریڈ کے دوران ہونے والے تشدد کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے گزشتہ دو ماہ جاری تحریک کمزور پڑ سکتی ہے۔
جوائنٹ کسان مورچہ کے لیڈر یوگیندر یادو نے منگل کے روز کہا کہ لال قلعہ کے احاطے میں کسانوں نے جو پرچم لہرانے کی کوشش کی وہ ناقابل معافی ہے۔ ایسے لوگ متحدہ کسان مورچہ کا حصہ نہیں ہيں۔ اس سے کسانوں کی تحریک کمزور ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس تنظیم نے یہ کارروائی کی اس کی واقفیت انتظامیہ کو پہلے سے تھی۔
مسٹر یوگیندر یادو نے کسانوں کی تنظیموں سے پہلے سے طے شدہ راستے پر ہی پریڈ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تشدد سے تحریک کمزور ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ میں بے ضابطگی کسانوں کی تنظیموں کی ناکامی ہے۔ کسان قیادت کے لوگ اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے مطابق 90 سے 95 فیصد کسانوں نے یہ پریڈ طے شدہ راستوں پر کی اور وہ پرامن اور منظم طریقے میں آگے بڑھے۔ دو چار فیصد لوگوں کو بے ضابطگی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے امن میں خلل پڑا ہے اور تحریک کو کمزور کرنے کا کام کیاہے۔کسان لیڈر درشن پال نے کہا کہ متحدہ کسان مورچہ کا لال قلعہ کے احاطے میں پرچم کشائی کرنے کا کوئی پروگرام نہیں تھا۔ کسانوں کو گمراہ کیا گیا اور انہوں نے غلط کام کیا۔ مقامی انتظامیہ بھی اس تنظیم سے واقف تھی۔ انہوں نے تشدد کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان سب کے باوجود کسانوں کی تحریک جاری رہے گی۔
ایک دیگر کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کی پریڈ کے دوران انتظامیہ نے تعاون نہیں کیا اور کچھ سڑکو ں کو مقررہ وقت سے زیادہ دیر تک بند رکھا گیا جس سے کسان مشتعل ہوگئے۔ بعد میں کسانوں کے دباؤ بنانے پر راستے کھولے گئے۔ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ پولس کے کچھ لوگ کسانوں کو اکسا ئے ہوں۔
واضح ر ہے کہ کسان پریڈ کے دوران کسانوں اور پولس کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں ہوئیں جن میں چند پولس اہلکار اور کسان زخمی ہوگئے ہيں۔ اس دوران کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ پولس نے بھیڑ کو قابو کرنے کے لئے کچھ مقامات پر آنسو گیس کے گولے چھوڑے ہيں۔
قابل ذکر ہے کہ زراعتی قوانین کو منسوخ کرنے اور فصلوں کی کم ازکم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کو قانونی درجہ دینے کے مطالبے پر کسان تنظیمیں گزشتہ 62 دنوں سے دہلی کی سرحدوں پر مظاہرے کررہی ہیں۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں نے قومی دارالحکومت میں ٹریکٹر پریڈ کرنے کی اجازت طلب کی تھی اور اس کے لئے ملک بھر سے کسانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ دہلی پولس اور متحدہ کسان مورچہ کے درمیاں ٹریکٹر پریڈ کے سلسلے میں ایک معاہدہ ہوا تھا اور یوم جمہوریہ کی پریڈ کے بعد کسان پریڈ نکالنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
کسانوں کی تنظیموں اور حکومت کے مابین اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے گیارہ مرحلے کے مذاکرات ہوچکے ہيں، لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ سپریم کورٹ نے کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہےلیکن کسانوں کی تنظیموں نے اس سے خود کو الگ کرلیا تھا۔ کمیٹی کے ممبر بھوپندر سنگھ مان نے بھی خود کو کمیٹی سے الگ کرلیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here