ممبئی:4 اپریل:کرونا وائرس بیماری کے پیش نظر مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کی ریاستی اسمبلی کے دونوں ایوان میں سے کسی ایک ایوان میں رکنیت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے اور ایسی امید کی جا رہی ہے کہ وہ بجائے قانون ساز کونسل کے رکن کا انتخاب لڑنے کے بالواسطہ طور پر گورنر مہاراشٹر کی جانب سے قانون ساز کونسل کے رکن نامزد کیئے جا سکتے ہیں -واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے مہاراشٹر اور بہار میں قانون ساز کونسل میں انتخابات کا کرونا وائرس بیماری کے پیش نظر ملتوی کر دیا ہے -وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے 28/نومبر 2019/کو ریاست کے وزیر اعلی کا حلف لیا تھا وہ نہ ہی ریاستی اسمبلی اور نہ ہی قانون ساز کونسل کے رکن ہیں جبکہ آئین کے مطابق اپنے عہدے کا حلف لینے کے بعد انہیں چھ ماہ کے اندر کسی ایک ایوان کا رکن بننا ضروری ہے -مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے9/ممبران کی رکنیت کی میعاد ۴۲/اپریل کو ختم ہو رہی ہے اس کے انتخابات اراکین اسمبلی کی جانب سے کیئے جاتے ہیں نیز 24/اپریل سے قبل نئے ممبران کا انتخاب عمل میں آنا طئے تھا لیکن چونکہ الیکشن کمیشن کو رکنیت کی معیاد ختم ہونے سے تین ماہ قبل کا وقفہ درکار ہوتا ہے جو کہ اس لاک ڈاون کے سبب ممکن نہیں ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ انتخابات کو ملتوی کر دیا گیا ہے-وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے اس ہی انتخاب میں قسمت آزمائی کر کے اراکین اسمبلی کی جانب سے رکن قانون ساز کونسل منتخب ہونے والے تھے -اسی طرح سے ریاست کے ان دس اراکین قانون ساز کونسل کی رکنیت پانچ جون سے پندرا جون کے درمیان ختم ہو جائے گی -یہ وہ اراکین قانون ساز کونسل ہیں جنہیں گورنر اپنے کوٹے سے قانون ساز کونسل کی رکنیت کیلئے نامزد کرتے ہیں اور ان اراکین کا تعلق مختلف شعبہ زندگی سے ہوتا ہے -قانونی ماہرین کے مطابق اگر وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے دونوں میں سے کسی ایک ایوان کے چھ ماہ کی مدت کے اندر یعنی کہ ۸۲/مئی سے قبل رکن نہیں منتخب ہوتے ہیں ایسی صورت میں انہیں وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دینا پڑے گا اور پوری کابینہ کو تحلیل کرنا پڑے گا – اس کے بعد وزیر اعلی دوبارہ اپنی کابینہ کو تشکیل دینا ہو گی -ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورت حال میں یہ ممکن نہیں ہے کہ ایک دن بھی ریاست وزیر اعلی کے بغیر رہے لہذًا عین ممکن ہے کہ ادھو ٹھاکرے گورنر کے کوٹے سے رکن قانون ساز کونسل یعنی کہ ایم ایل سی بنائے جا سکتے ہیں -بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی راہل نارویکر جو کہ این سی پی کے رکن قانون ساز کونسل تھے آج ہی انہوں نے قانو ن ساز کونسل کی رکنیت سے استعفی دیا ہے -گورنر کی جانب سے نامزد کیئے گئے مندرجہ ذیل ممبران کی رکنیت ماہ جون میں ختم ہو رہی ہے جو اس طرح سے ہے -پرکاش گجبھیئے، ودیا چوہان، ستیش چوہان، خواجہ بیگ، جگناتھ شندے (تمام این سی پی)، ایڈوکیٹ حسنہ بانو خلیفے، آنند گاڈگل، جناردن چاندورکر، آنند راؤ پاٹل، راہری روپ نور (تمام کانگریس)، جوگیندر کواڑے (پی آر پی)-

