ممبئی:30/مارچ: ممبئی میونسپل کارپوریشن نے آج ایک سرکیولر جاری کیا جس میں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی لاشوں کو جلائے جانے کا حکم جاری کیا ہے –
ممبئی میونسپل کمشنر پروین پردیسی نے تیس مارچ ۰۲۰۲/کو ایم سی جی ایم /اے /۲۴۹۲/کے تحت سرکیولر جاری کیا ہے جس میں کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی لاشوں کی آخری رسومات کے تعلق سے گائیڈلائن د ی گئی ہے -سرکیولر کے مطابق کرونا وائرس سے مبتلا تمام ہلاک شدگان کو نذر آتش کیا جائے گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو نیز مئیت کو ہاتھ لگانے کی روایت سے پرہیز کیا جائے -یہ سرکیولر مختلف قوموں کے سربراہان کی جانب سے کارپوریشن کی علم میں لایا گیا جس میں ان سربراہان نے یہ کہا ہے کہ شہر میں موجودہ قبرستان یا شمشان بھومی گنجان آبادی والے علاقہ میں موجود ہے لہذا ایسے علاقوں میں ان ہلاک شدگان کی آخری رسومات ادا کرنا ایک خطرناک امر ثابت ہو گا اور اس سے اطراف کے رہائشی علاقوں کو خطرہ لاحق ہو گا -سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مہلوک کے جسم کو پلاسٹک سے لپیٹا جائے گا اور جلانے کیلئے ایسے چنندہ اشیا ئ استعمال کی جائیں گی جس سے جلد از جلد مئیت جل جائے اور کرونا وائرس کے بڑھنے کا خطرہ کم ہو-پروین پردیسی نے مزید کہا کہ آخری رسومات میں صرف پانچ افراد کی موجودگی کی اجازت ہو گی اور جو افراد آخری رسومات میں شامل ہوں گے انہیں تمام احتیاطی تدابیر استعمال کرنا ہو گا نیز انہیں پولیس کی مدد حاصل کرنی ہو گی –
سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص مئیت کو دفن کرنے کا اسرار کرے تو اسے شہر سے باہر مئیت لے جانے کی اجازت ہو گی لیکن اس کیلئے انہیں ٹرانسپورٹ کا خود انتظام کرنا ہو گا اور اس سلسلے میں مرتب کیئے گئے رہنمایانہ اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے -نامور عالم دین و جامعہ قادریہ اشرفیہ کے سربراہ حضرت مولانا معین میاں نے اس تعلق سے میونسپل کمشنر کے اس متنازعہ سرکیولر پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی لاشوں کی آخری رسومات کیلئے اس کا غسل دینا ضروری ہوتا ہے اور یہ فرض الکفایہ میں شامل ہے نیز اگر ایک مسلمان کی مئیت کو کسی ایک نے غسل دیا تو پوری قوم بری الزماں ہو جائے گی اور اگر اسے غسل نہیں دیا گیا تو پوری قوم اس کیلئے ذمہ دار ٹھہرائی جائے گی لہذا اس سرکیولر سے مسلمانوں کو مستشنی قرار دیا جائے کیونکہ ملک میں ہر مذہب کے ماننے والوں کو ان کے مذہب کے مطابق رہنے کا اختیار ہے جو اسے موت کے بعد بھی حاصل ہے -کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق اقلیتی امور کے وزیر محمد عارف نسیم خان نے میونسپل کمشنر کی جانب سے نکالے گئے اس متنازعہ سرکیولر کے تعلق سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکیولر کے مطابق تمام متاثرین کی لاشوں کو جلایا جانا ممکن نہیں ہے کیونکہ مذہب اسلام کے ماننے والوں کے مرنے کے بعد انہیں سپرد خاک کیا جاتا ہے اور ان کی تدفین عمل میں آتی ہے کچھ یہی مذہبی روایت عیسائی اور دیگر کئی قوموں میں بھی ہے لہذا میونسپل کارپوریشن کو مسلمان سمیت دیگر قوموں سے متاثرہ افراد کی آخری رسومات ان کے مذہب کے مطابق انجام دینے کی اجازت دینی چاہیئے اور اس کا انتظام خود میونسپل کارپوریشن کو کرنا چاہئے نیز اس سلسلے میں تمام طبی احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا چاہیئے -ممبئی میں عید میلادالنبی ﷺکے روایتی جلوس کا اہتمام کرنے والے آل انڈیا خلافت کمیٹی کے چیئرمین سرفراز آرزو نے میونسپل کمشنر کے اس فیصلے کی سخت لفظوں میں مذمت کی ہے اور اس میں فوری ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا میں کرونا وائرس سے اموات ہو رہی ہیں لیکن کہیں بھی اس بات کا اصرار نہیں کیا جا رہا ہے کہ متاثرین کی لاشوں کو جلایا جائے کیونکہ اٹلی، فرانس، امریکہ میں جو اموات ہو رہی ہیں انہیں بھی نذر آتش نہیں کیا جا رہا ہے -عالم دین مولانا خلیل الرحمان نوری نے بھی سرکیولر کی مخالفت کی اور مطالبہ کیا کہ سرکیولر میں فوری طور پر ترمیم کی جائے تا کہ مسلمان اور دیگر مذاہب کے ماننے والے لوگ اپنے مذہب کی بنیاد پر عمل پیرا ہوں –

