نئی دہلی: کانگریس نے کسان تنظیموں کے ہفتہ کے روز منعقدہ چکاجام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کارکنان چکاجام کے دوران کسانوں کے ساتھ کندھا سے کندھا ملاکر کام کریں گے اور حکومت سے زراعت سے متعلق تینوں قانون واپس لینے کا مطالبہ کریں گے۔
کانگریس سکریٹری کے سی وینوگوپال نے جمعہ کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کسان تنظیموں کے کل چھ فروری کو قومی اور ریاستی شاہراہ پر دوپہر 12سے تین بجے تک تین گھنٹے کے اعلان کردہ ملک گیر چکاجام کی حمایت کرے گی۔ پارٹی کارکنان کسانوں کے ساتھ اپنے عزم کو پوراکرتے ہوئے انہیں اپنا مکمل تعاون دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنان ایمبولینس، اسکول بس، بزرگوں، مریضوں اور خواتین وبچوں کو اس علامتی بند سے کوئی پریشانی نہ ہو، اس کا بھی پورا خیال رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان گزشتہ 73 دن سے تین زرعی قوانین کے خلاف ایک ملک گیر تحریک کررہے ہیں اور لاکھوں کی تعداد میں دہلی کے سرحدوں پر پرامن اور گاندھی وادی طریقے سے دھرنے پر بیٹھے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ تحریک کسانوں کی کھیتی بچانے کے ساتھ عوامی تقسیم کے نظام کوبچانے کا بھی ہے جس میں ملک کا غریب کھیتی کا مزدور، ایس سی ایس ٹی اور پسماندہ طبقہ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے۔ اقتدار کے نشے میں چور مودی حکومت اس تحریک کو بدنام کرنے اور تحریک کرنے والوں کو تنگ کرنے کے لئے روزانہ نئے ہتھکنڈے اختیارکررہی ہے۔مسٹر وینوگوپال نے کہا کہ وزیرزراعت نے ایوان میں آج اپنے بیان میں بھی پارلیمنٹ کو گمراہ کرنے اور ملک کو بھٹکانے کی ایک نئی کوشش کی ہے۔ عام حقیقت ہے کہ کسان تنظیم حکومت سے 11 دور کی میٹنگ کرچکی ہیں جس میں کسانوں نے تین زرعی قوانین میں مختلف خامیوں کا نقطہ وار تفصیل دی ہے، جس کے بعد مرکزی حکومت تین قوانین میں 18 ترمیم کرنے کی بات تسلیم کرچکی ہے۔ ایسے میں وزیرزراعت کا پارلیمنٹ میں دیا گیا بیان بے حد توہین آمیز اورحقائق سے بالا تر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے سرمایہ داردوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے ان زرعی قوانین کو نافذ کیا ہے اور انہیں نافذ کرنے سے قبل نہ تو اپوزیشن کی صلاح لی گئی اور نہ ہی کسان تنظیموں سے کوئی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ کورونا کے مشکل وقت میں چوری چھپے ان قوانین کو کسانوں پر تھوپ دیا، جس کی مخالفت ملک کی تمام کسان تنظیمیں کررہی ہیں۔
پارٹی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ کانگریس کسان تحریک کی مکمل طور سے حمایت کرتی رہی ہے۔ کانگریس پارٹی، مرکزی حکومت سے ایک بار پھر درخواست کرتی ہے کہ وہ ضد سے باز آئے اور کسانوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا اعلان کرے۔

