ساگر، ودیشا: مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے آج کہا کہ کانگریس نے غریبوں کے خلاف ظلم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جب کہ نریندر مودی حکومت نے بڑی تعداد میں لوگوں کو خط افلاس سے باہرنکا لا ہے۔
مسٹرٹھاکر نے مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع کے کھرئی میں پارٹی امیدوار بھوپیندر سنگھ کی حمایت میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ودیشا ضلع میں انتخابی جلسوں سے بھی خطاب کیا۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں کھرئی کا کوئی گاؤں ایسا نہیں ہوگا جہاں کسانوں کو سینچائی کے لیے پانی نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کبھی نہیں سوچا کہ ایک بڑی ٹرین چلانی چاہئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے وندے بھارت ٹرینیں چلانے کا کام شروع کیا اورمسلسل جاری ہے۔ مدھیہ پردیش بھی اس سوغات سے اچھوتا نہیں رہا۔ کانگریس نے اپنے 60 سال کے دور اقتدار میں 1.5 کروڑ پکے گھر بنائے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے 9 سالوں میں 4 کروڑ پکے مکان بناکر دے دئے۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس شروع سے ہی وعدہ خلافی کرتی آئی ہے۔ کانگریس نے غریبی ہٹاؤ کا نعرہ دیا لیکن غریبی نہیں ہٹی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے کسانوں سے قرض معافی کا وعدہ کیا تھا، لیکن کسانوں کو ڈیفالٹر بنا دیا۔ غریبوں کے ساتھ ظلم کے سارے ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے مثالی طور پر غریبوں کے لئے کام کیا ہے۔ ریکارڈ لوگوں کو خط افلاس سے باہر نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرینکا گاندھی راجستھان میں جرم کے گراف کا ذکر نہیں کرتیں۔ راجستھان میں کانگریس کی حکومت میں دو لاکھ خواتین پر ظلم کے معاملے درج ہوئے۔ 35ہزار بیٹیوں کے ساتھ آبروریزی ہوئی، لیکن پرینکا گاندھی کو یہ سب نظر نہیں آتا۔

