نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انکم ٹیکس معاملے میں کانگریس کے احتجاج کو’چوری اور سینہ زوری‘ کی مثال قرار دیا ہے اور کانگریس نے ملک کے آئینی اداروں کو ہمیشہ اپنی ملکیت سمجھا ہے اور ضابطوں اور قوانین کی تعمیل کو اپنی توہین سمجھا ہے۔
بی جے پی کے قومی ترجمان سید ظفر اسلام نے آج یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں انکم ٹیکس کے معاملہ پر کانگریس کے احتجاج کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کانگریس پارٹی کا احتجاج ’چوری اور سینہ زوری‘ کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نہ صرف قواعد پر عمل نہیں کرتی بلکہ جب ایجنسیاں اس کے لئے نوٹس دیتی ہیں تو وہ اسے نظر انداز کر دیتی ہے۔ آخر کار جب کارروائی کی جاتی ہے تو وہ خود کو متاثر ثابت کرنے لگتی ہے۔ اگر آپ قواعد پر عمل نہیں کرتے ہیں تو کارروائی ہوئی ہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جب ہائی کورٹ نے قواعد کے مطابق کانگریس کی عرضی کو مسترد کر دیا تو اب یہ لوگ عوام میں جھوٹ پھیلانے کے لیے احتجاج اور مظاہروں کا سہارا لے رہے ہیں۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس دوہرے ہندسوں میں رہ گئی تھی، لیکن اس طرح کے کارناموں کے بعد آنے والے انتخابات میں کانگریس کے پاس دس سے بھی کم سیٹیں رہ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کانگریس اپنے جرائم میں پھنسنے لگتی ہے، اس کے لیڈر جمہوریت کا رونا رونے لگتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت میں شفاف جمہوریت تھی، ہے اور رہے گی۔ کانگریس پارٹی کے جھوٹے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے اور ان کی سچائی پوری طرح سے ملک کے لوگوں کے سامنے آ گئی ہے۔

