لکھنؤ: بھارت آدیواسیوں، بنواسیوں، پچھڑوں، مسلمانوں اور غریبوں کا دیس ہے ملک آزاد ہونے سے پہلے سے آج تک بہوجن سماج کے تمام مہا پروش، دانشورانِ ملت پیدا ہوئے جس میں دلت، پچھڑے، مسلمان سب تھے۔ بابا صاحب امبیڈکر جنہوں نے آئین کے ذریعہ برابری کا حق، مذہبی آزادی اور ووٹ کا ادھیکار دیا۔ خود بہو جنوں کو انصاف دلانے کے لئے آزادی سے پہلے ایس سی ایس ٹی فیڈریشن بنا کر الیکشن لڑا اور 27 ممبران اسمبلی مہاراشٹر اسمبلی میں جیت کر آئے۔ خود بابا صاحب ممبر اسمبلی منتخب ہوئے۔ اور تین سال تک مہاراشٹر اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر رہے بعد میں فیڈریشن کو آل انڈیا ایس سی ایس ٹی فیڈریشن میں بدلا اور سنودھان سبھا کے لیے پارٹی نے ملک بھر میں الیکشن میں حصہ لیا۔ پارٹی بری طرح ہار گئی منووادیوں نے بابا صاحب کو بھی سازش رچ کر بری طرح ہرا دیا اور آئین ساز اسمبلی میں نہیں پہنچنے دیا اس وقت مسلمانوں نے دلتوں اور بابا صاحب کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے بنگال سے بابا صاحب کو آئین ساز اسمبلی کے لئے منتخب کیا۔ اس کے بعد بابا صاحب نے ریپبلکن پارٹی آف انڈیا بنائی۔ ایک سال بعد ان کی وفات ہوگئی۔ بابا صاحب کے مشن کو پورا کرنے کا بیڑا کانشی رام جی نے اٹھایا۔
پہلے بابا صاحب کی بنائی گئی ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے بینر پر ہی کام کرنا شروع کیا۔ کچھ دن آر پی آئی میں کام کرنے کے بعد جب کانشی رام جی کو یہ احساس ہو گیا کہ پارٹی اپنے اصولوں سے بھٹک گئی ہے تو انہوں نے بابا صاحب کی قائم کردہ پارٹی کے موجود ہونے کے باوجود الگ بہوجن سماج پارٹی قائم کی۔ آج بی ایس پی اور اس کی سربراہ مایاوتی بابا صاحب اور کانشی رام جی کے مشن اور ان کے اصولوں سے پوری طرح بھٹک کر بہوجن موومنٹ کو برباد کرنے پر اتارو ہو چکی ہیں۔ یہاں تک کہ بی ایس پی نے لوک سبھا میں رتیش پانڈے اور راجیہ سبھا میں ستیش مشرا کو اپنا نیتا بناکر بہوجن سماج کی قیادت انہی منووادیوں کے ہاتھ میں دے دی ہے جو بابا صاحب کے ذریعہ بنائے گئے بھارت کے آئین کو ختم کر منو کے آئین (منو کے سنودھان) کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ جس طرح بابا صاحب کی آر پی آئی کے رہتے کاشی رام جی کو بی ایس پی بنانی پڑی اسی طرح بی ایس پی اور مایاوتی کے بہوجن موومنٹ سے بھٹکنے کی وجہ سے چندر شیکھر آزاد کو آزاد سماج پارٹی بنانی پڑی۔ ہاں چندر شیکھر آزاد نے مایاوتی جی کو عوامی طور پر اور ذاتی طور پر کئی بار خط لکھے اور ہر ممکن کوشش کی کہ مل کر کام کیا جائے لیکن انہوں نے ایک نہ سنی۔ مسٹر خان نے کہا کہ چندر شیکھر آزاد نے بھیم آرمی غیرسیاسی تنظیم بنائی تھی جو ملک بھر کے بہو جنوں، دلتوں، پچھڑوں اور مسلمانوں کو انصاف دلانے کا کام کر رہی تھی۔ ملک کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ملک کو صحیح قیادت دینے کے لیے ایک سیاسی پارٹی کا قیام کرنا پڑا۔ جہاں تک چندر شیکھر آزاد کے اوپر الزامات عائد کرنے کا سوال ہے سب جھوٹ اور فریب پر مبنی ہے۔
