نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو الہ آباد ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس امیش کمار کو دہلی الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن (ڈی ای آر سی) کے چیئرمین کے عہدے کی حلف برداری کو اگلی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے دہلی حکومت کی عرضی پر متعلقہ فریقوں کی دلائل سننے کے بعد یہ ہدایت دی۔
چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ جسٹس کمار کی تقرری کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست کی سماعت کے بعد نوٹس جاری کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت 11 جولائی کو کرے گی۔
سپریم کورٹ میں دہلی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نےکہا کہ ان کی (دہلی حکومت) کی رضامندی کے بغیر جسٹس کمار کو ڈی ای آر سی کا چیئرمین مقرر کرنا لیفٹیننٹ گورنر کا یکطرفہ فیصلہ قانونی نہیں ہے۔
مسٹر سنگھوی نے عدالت کے سامنے سوال کیا کہ جب ان کی تنخواہ اور دیگر ادائیگیاں دہلی حکومت برداشت کرتی ہے تو انہیں (حکومت) کو ڈی ای آر سی کا چیئرمین مقرر کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی جانی چاہئے۔
واضح رہے کہ دہلی حکومت کے وزیر توانائی آتشی کی خراب صحت کی وجہ سے حلف برداری کا پروگرام ملتوی ہونےکے بعد 3 جولائی کو لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے وزیراعلی اروند کیجریوال کو جسٹس کمار کی حلف برداری ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کرانے کا مشورہ دیا تھا۔

