ڈاکٹر مفتی مدثر فاروقی شعبۂ اردو،کشمیر یونی ورسٹی کے انچارج صدر مقرر

0

سرینگر،24؍جولائی(زمینی سچ):شعبہ انگریزی،کشمیر یونی ورسٹی میں بحثیتِ اسوسی ایٹ پروفیسر خدمات انجام دے رہے ڈاکٹر مفتی مدثر فاروقی شعبۂ اردو کے انچارچ صدر نامزد کیے گئے ہیں۔جس کا اسسٹنٹ رجسٹرار کشمیر یونی ورسٹی کی جانب سے باضابطہ اعلان بھی کیا گیا ہے۔اس سے قبل پروفیسر عارفہ بشریٰ شعبے کی صدرکے فرائض انجام دے رہی تھیں۔ڈاکٹر مدثرفاروقی اب انگریزی شعبہ کے ساتھ ساتھ شعبۂ اردو کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔جامعاتی سطح پر ڈاکٹر مفتی مدثر فاروقی چودہ سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔فی الوقت ان کی نگرانی میں انگریزی کے کئی اسکالر پی ایچ ڈی کی حصولیابی میں مصروف ہیں۔ڈاکٹر مدثر فاروقی اردو، انگریزی، فارسی،عربی اور کشمیری زبانوں پر بھرپور دسترس رکھتے ہیں۔انھوں نے مذکورہ سبھی زبانوں میں پڑھانے کے علاوہ تراجم بھی کیے ہیں۔جن کی بہت پذیرانی ہوئی ہے۔اسی وصف کی وجہ سے انھیں بیرون ملک میں پوسٹ ڈاکٹورل فیلوشپ سے بھی نوازا گیا۔موصوف برلن یونی ورسٹی سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔ جہاں انھوں نے قرون وسطی کے کشمیری،اردو،عربی اورفارسی مخطوطات پر تحقیقی فریضہ بہ حسن و خوبی انجام دیا ہے۔جس پر بعد میں ان کی کتاب برل نیدرلینڈس(Brill Netherlands)سے شائع ہوئی ہے۔ مزید برآں ان کے کئی تحقیقی و تنقیدی مقالات قومی و بین الاقوامی سطح کے رسائل و جرائد میں بھی شائع ہوچکے ہیں۔ڈاکٹر مفتی مدثر فاروقی نے غنی کشمیری کی غزلوں کا ترجمہ بھی کیا ہے جسے معتبر اشاعتی ادارہ پینگوئن نے شائع کیا۔شعبۂ اردو میں بحیثیت انچارج صدر تعینات ہونے پرانھیں مختلف ادبی حلقوں اور تنظیموں سے مبارکبادی کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔ان کی شعبہ میں آمدسے ایک امید کی کرن نظر آنے لگی ہے،لوگوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جس طرح پروفیسر عبدالقادر سروری،پروفیسر محی الدین قادری زور، پروفیسرشکیل الرحمن،پروفیسر حامدی کاشمیری،پروفیسر قدوس جاوید، پروفیسرزماں آزردہ،پروفیسر مجید مضمر، پروفیسر نذیر احمد ملک کے دور میں شعبہ ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوا تھا،اسی طرح مفتی مدثر فاروقی بھی شعبہ اردو میں اپنا کردار ایمانداری اور مثبت انداز میں ادا کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here