نئی دہلی:ملک کی سرکردہ شخصیات نے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین،ممتازاسلامی اسکالراورصحافی ڈاکٹر ظفرالاسلام خاں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان عناصر کی شدید مذمت کی ہے جو ان کی کردارکشی کی بے ہودہ مہم چلارہے ہیں۔ان سرکردہ دانشوروں، علمائے کرام اور اہم شخصیات نے یہاں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر ظفرالاسلام خان ایک عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ہیں اور ان کی پوری زندگی ملک وملت کی خدمت سے عبارت ہے۔ ایسے میں ان کے کسی بیان کی بنیاد پر ان کے خلاف ملک دشمنی کی دفعات کے تحت مقدمہ قایم کرنا قطعی ناقابل فہم ہے اور ایک مہذب شخصیت کو داغدار کرنے کی کوشش ہے۔دستخط کنندگان نے ان کے میڈیا ٹرائل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں جس فیس بک پوسٹ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جارہا ہے،وہ دراصل ہندتو اطاقتوں کی طرف سے مسلمانوں کومسلسل نشانہ بنانے کے خلاف تھی اور اس میں حکومت کویت کے اس موقف کی تائید کی گئی تھی جواس نے شمال مشرقی دہلی کے مسلم کش فساد کی مذمت اور مظلومین کے حق میں اختیار کیا تھا۔ اس پوسٹ میں ہندوستان یا یہاں کی حکومت کے بارے میں کچھ نہیں تھا۔ میڈیا نے جان بوجھ کر ان کی شبیہ مسخ کرنے کی کوشش کی ہے اور انھیں ایسے فرضی بیان کی آڑمیں نشانہ بنایا جارہا ہے جو انھوں نے دیا ہی نہیں ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس اور حکومت کو کوئی بھی قدم آگے بڑھانے سے پہلے ڈاکٹر ظفرالاسلام خان اور ان کی قومی وملی خدمات کو ضرور پیش نظر رکھنا چاہئے تاکہ ان کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہ ہو اورشر پسند اپنا کھیل کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔کیونکہ بعض نیوز چینل اور سیاسی عناصرجو اسلام اور مسلم دشمنی کے لئے پورے ملک میں بدنام ہیں، وہ ڈاکٹر خان کو ملک دشمن اور ہندو دشمن قرار دینے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔جبکہ انھوں نے اپنی پوسٹ میں واضح طور پران شرپسند ہندتوا عناصر کی مذمت کی تھی جو پوری دنیا میں ملک کی سیکولر جمہوریت کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں اورجس کا تازہ ترین ثبوت ہندوستان کے حالات پرانسانی حقوق کے بین الاقوامی کمیشن کی رپورٹ ہے، جس میں ہندوستان کا درجہ گھٹادیاگیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر ظفرالاسلام خان کی شناخت ملک گیر سطح پر انسانی حقوق کے ایک بے لوث خادم کی ہے اور انھوں نے ہمیشہ دستور کی آزادی اور اس کی اقدار کا دفاع کیا ہے۔انھوں نے اقلیتی کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور دہلی میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا دفاع کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ہم حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر ڈاکٹر ظفرالاسلام خان کے خلاف جاری منافرانہ مہم پر لگام لگائے او ر ایک قانون کے پابند شہری کی حیثیت سے ان کے شہری حقوق کاتحفظ کیا جائے اور ان کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر منسوخ کی جائے۔یہ بھی واضح رہنا رہنا چاہئے کہ ہندوستان ایک جمہوری اسٹیٹ ہے نہ کہ پولیس اسٹیٹ اور جمہوریت میں اظہار رائے کی آزادی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
بیان پر دستخط کرنے والوں میں محمدادیب(سابق ممبرپارلیمنٹ)مولاناانیس الرحمن قاسمی(سابق ناظم امارت شرعیہ بہارواڑیسہ)پروفیسر اخترالواسع(صدر مولاناآزادیونیورسٹی، جودھپور)ڈاکٹر قاسم رسول الیاس(صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا)پروفیسر محسن عثمانی ندوی(صدر مولاناعلی میاں ویلفیئر بورڈ)مفتی عطاالرحمن قاسمی(سابق رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا ء بورڈ)معصوم مرادآبادی(سیکریٹری آل انڈیا اردو ایڈیٹرس کانفرنس)پروفیسرعلی جاوید(سابق استاد شعبہ اردوہلی یونیورسٹی)انیس درانی(کالم نگار)نیلوفر سہروردی(کالم نگار)زیڈ کے فیضان(ایڈووکیٹ سپریم کورٹ)بہار برقی(ایڈووکیٹ سپریم کورٹ)ڈاکٹرانوارالاسلام(یونانی کونسل)ڈاکٹر ادریس قریشی(سابق جنرل سیکریٹری یوپی کانگریس) کے نام شامل ہیں۔
ڈاکٹر ظفرالاسلام خان کی کردار کشی کی مذمت
ملک کی سرکردہ شخصیات نے بغاوت کا مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ کیا

