رامپور:اترپردیش کے ضلع رامپور کی ایک خصوصی عدالت نے پیدائش سرٹیفکیٹ معاملے میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سینئر رہنما و سابق ایم پی اعظم خان، بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ اور سابق ایم ایل اے بیٹے عبداللہ اعظم کو سات سال کی سزا سنائی ہے۔
بی جےپی ایم ایل اے آکاش سکسینا نے 2019 میں گنج تھانے میں ایس پی لیڈر اعظم خان کے بیٹے و سابق ایم ایل اے عبداللہ اعظم کے خلاف دو پیدائش سرٹیفکیٹ ہونے کا معاملہ درج کرایا تھا۔ جس میں اعظم خان اور ان کی بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کو بھی ملزم بنایا گیا تھا۔ پولیس نے تفتیش کے بعد معاملے میں چارج شیٹ عدالت میں داخل کی تھی۔ معاملہ ایم پی۔ ایم ایل اے مجسٹریٹ ٹرائل کورٹ میں چل رہا تھا۔
بدھ کو اس معاملے کی سماعت کی تھی۔ لہذا دوپہر ایک بجے سابق کابینی وزیر اعظم خان، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم اور بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ پہنچ گئی تھیں۔ جبکہ کچھ دیر بعد بی جے پی ایم ایل اے آکاش سکسینا کورٹ پہنچ گئے۔ دوپہر تقریبا ڈیڑھ بجے عدالت نے تینوں کو خاطی قرار دے دیا جس کے بعد تینوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ دوپہر تقریبا ڈھائی بجے عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوشن افسر امرناتھ تیواری نے بتایا کہ عدالت نے تینوں کو خاطی مانتے ہوئے سات۔ سات سال کی قید اور 50۔50ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اعظم خان، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم اور ان کی بیوی ڈاکٹر تزئین فاطمہ کو سات سات سال کی قید کی سزا دستاویزی شواہد اور گواہوں کی بنیاد پر ہوئی ہے۔ پراسیکیوشن افسر نے بتایا کہ پراسیکیوشن کی طرف سے 15گواہ اور 70دستاویزی شواہد عدالت کے سامنے پیش کئے گئے۔ یہی شواہد تینوں کی سزا کی بنیاد بنے ہیں۔ دفاعی فریق کی جانب سے 19گواہ پیش کئے گئے لیکن عدالت میں ان کے بیانات ثابت نہیں ہوسکے۔

