گوالیار: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل آج کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کی صورت میں پرانی پنشن نافذ کی جائے گی اور رسوئی گیس سلنڈر 500 روپے میں دیا جائے گا محترمہ پرینکا گاندھی یہاں کانگریس کی طرف سے منعقد ‘جن آکروش ریلی’ سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس دوران ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ، دگ وجے سنگھ اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر گووند سنگھ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں کانگریس کی حکومتیں بنی ہیں، وہاں انتخابات سے پہلے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے کرناٹک، راجستھان، ہماچل پردیش اور چھتیس گڑھ کی مثالیں بھی دیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پرانی پنشن اسکیم کو مدھیہ پردیش میں بھی لاگو کیا جائے گا۔ خواتین کے اکاؤنٹ میں ہر ماہ ڈیڑھ ہزار روپے جمع ہوں گے۔ گیس سلنڈر 500 روپے میں دیا جائے گا۔ 100 یونٹ تک بجلی مفت دی جائے گی اور اس کے بعد 200 یونٹ تک بجلی کا بل آدھا کیا جائے گا۔ سال 2018 میں شروع کی گئی کسان قرض معافی اسکیم کو بھی مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے اسٹیج پر موجود مسٹر کمل ناتھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گوالیار آتے ہوئے انہیں کچھ معذور لوگ ملے۔ معذوروں نے بتایا کہ انہیں پنشن کے طور پر صرف 600 روپے ملتے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے مسٹر کمل ناتھ سے کہا کہ جب ریاست میں آپ کی (مسٹر کمل ناتھ کی) حکومت بن جائے تو معذوروں کی پنشن میں بھی اضافہ کیا جانا چاہئے۔

