وکاس دوبے سمیت تین افراد گرفتار، پناہ دینے والوں کو ذہن میں رکھ کر جانچ جاری

0

اُجین:اترپردیش کے کانپور میں آٹھ پولیس افسران اور پولیس اہلکاروں کے قتل کے الزام میں بدنام زمانہ گینگسٹر وکاس دوبے سمیت تین ملزمان کو آج مدھیہ پردیش کی اجین پولیس نے گرفتار کرلیا۔سخت حفاظتی انتظامات کے دوران دن میں اس سے پوچھ گچھ کی گئی اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شام کے وقت اسے جج کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس دوران اترپردیش پولیس کی ٹیم بھی دیر شام تک اجین پہنچنے والی ہے۔ وکاس کو صبح کے وقت یہاں کے مشہور مہاکال مندر کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کی شناخت مندر کی سکیورٹی پر معمور پرائیویٹ کمپنی کے ملازمین نے کی اور پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ وکاس کی گرفتاری کے بعد پولیس نے دو دیگر ملزموں بٹّو اور سریش کو بھی گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ایک لگژری کار بھی ضبط کی ہے، جس سے وکاس دوبے اجین پہنچا تھا۔ اس نے مندر کے احاطے میں داخل ہونے کے لئے غلط نام سے پاس بنوایا تھا۔ اسے مندر کے احاطے میں داخل ہونے کے بعد گرفت میں لے لیا گیا۔ پولیس نے دن میں وکاس سے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد کچھ مقامی افراد کو حراست میں لیا ہے، جنھوں نے وکاس کی مدد کی تھی۔
اس دوران وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے وکاس دوبے کی گرفتاری کو کامیابی قرار دیتے ہوئے، اجین پولیس کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ وکاس اترپردیش پولیس کے سپرد کیا جائے گا۔ اسی دوران اہم اپوزیشن کانگریس کے رہنماؤں نے اس معاملے میں سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ وکاس دوبے نے خود سپردگی کی ہے اور اس میں ایک لیڈر کا کردار مشکوک نظر آتا ہے۔ کانگریس نے اس پورے معاملے کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق وزیر اعلی کمل ناتھ ، دگ وجے سنگھ اور دیگر لیڈروں نے بھی ٹویٹ کئے۔
راجدھانی بھوپال میں وکاس دوبے کی گرفتاری کے فوراً بعد وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے میڈیا کو بتایا کہ وکاس دوبے اور اس کے دو ساتھی بٹو اور سریش کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ تینوں اجین پولیس کی تحویل میں ہیں۔ انہوں نے اجین پولیس کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس قانون کے مطابق اپنا کام کرے گی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ جب سے وکاس دوبے فرار ہوا ہے، اس وقت سے ہی ریاستی پولیس الرٹ تھی۔اترپردیش کے کانپور ضلع میں 3 جولائی کو پولیس کے آٹھ ملازمین کی ہلاکت کے بعد سے وہ مفرور تھا اور اتر پردیش پولیس کی مختلف ٹیمیں اسے جگہ جگہ تلاش کررہی تھیں۔
دریں اثنا ابتدائی پوچھ گچھ میں وکاس دوبے کے ریاست کے اجین کے علاوہ گوالیار، چمبل،انچل اور شہڈول ضلع سے بھی تعلق ہونے کی جانکاری کی بنیاد پر حقائق کی چھان بین کرنے کی کوشش کی گئی۔ پولیس ان تمام حقائق کو بھی ذہن میں رکھ کر کارروائی کر رہی ہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی کے بعد مدھیہ پردیش پولیس وکاس دوبے اور دیگر ملزموں کو اتر پردیش پولیس کے حوالے کردے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here