ممبئی:۲اپریل:ممبئی میں کرونا وائرس میں مبتلا ایک مسلم شخص کی لاش کو نذر آتش کیئے جانے والے معاملے کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر و سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے آج یہاں ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاست کے تمام قبرستانوں کے سربراہان کو ہدایت دے کہ اگر خدا نہ خواستہ کسی مسلم شخص کی اس بیماری کے تحت موت واقع ہوتی ہے تو اس کی لاش کو قبرستان میں ایک مخصوص جگہ بنا دی جائے جہاں ایسی لاشوں کی تدفین عمل میں آ سکے –
ریاستی وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے،وزیر داخلہ انل دیشمکھ اور دیگر کو روانہ کیئے گئے اپنے مکتوب میں نسیم خان نے کہا ہے کہ حکومت نے جس طرح سے کرونا وائرس بیماری سے مقابلہ کرنے کیلئے اسپتالوں میں مخصوص وارڈ قائم کیئے ہیں اسی طرح سے اگر اس بیماری کے مزید پھیلنے کا اندیشہ ہو تو حکومت کو چاہیئے کہ ممبئی کے ایسٹرن اور ویسٹرن سبرب میں اس بیماری میں مبتلا مہلوکین کیلئے ایک خصوصی قبرستان تعمیر کیا جائے –
انہوں نے حکومت سے یہ بھی مطابلہ کیا ہے کہ مہاراشٹر کے تمام اضلاع کے قبرستانوں میں مخصوص مقام بنایا جائے جہاں ان مہلوکین کی تدفین اور آخری رسومات اداکی جا سکے –
نسیم خان نے اس ضمن میں وزیر داخلہ انل دیشمکھ اور ممبئی پولیس کمشنر پرم ویر سنگھ سے بھی ذاتی طور پر گفتگو کی اور مالونی کے معاملے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کے تمام قبرستانوں کے ٹرسٹیان کیلئے ایک حکم جاری کرنے کی بھی درخواست کی جس کے تحت جب حکومت نے ایسے مہلوکین کی تدفین کیلئے مکمل احتیاط کے ساتھ قبرستانوں میں اجازت دی ہے تو پھر ٹرسٹیان کی جانب سے انکار کیئے جانے پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے –
Home ملکی خبریں National News مہاراشٹر میں کرونا مہلوکین کیلئے قبرستانوں میں جگہ مخصوص کی جائے:نسیم خان

