
پروفیسر صالحہ رشید
صدر شعبۂ عربی و فارسی ، الہ آباد یونیورسٹی
علامہ اقبال۹ /نومبر ۱۸۷۷ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور۲۱/اپریل ۱۹۳۸ء کو بمقام لاہور ان کی وفات ہوئی۔ ان کو ہم ایک شاعر، مفکر، دانشور اور رہنماکی حیثیت سے جانتے ہیں ۔وہ اسلامی اقدار کے پاسدار ہیں اور امت مسلمہ ان کی فکر اور شاعری کا مرکز و محور رہی ہے۔وہ تمام عمر اپنی قوم کی زبوں حالی کو لے کر فکرمند رہے۔اس فکر کی وجہ ان کا اس پر آشوب دور میں سانس لینا ہے جب مغلیہ سلطنت کا پوری طرح خاتمہ ہونے کے بعدانگریز وں نے ہندوستان کا شیرازہ بکھیر دیا تھا۔ مغربیت مشرقیت پر حاوی ہو رہی تھی اور ایک ایسی تہذیب وجود میں آرہی تھی جس میں اخلاقی قدروں کا گذر کم ہی تھا۔ تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی دنیا سنگین مسائل سے دوچار ہوئی تب دانشوروں، مفکروں ، شاعروں، ادیبوں اور دیگر اہل علم نے اپنی فکری رہنمائی کے ذریعے دنیا کو ان سنگین مسائل سے نجات دلائی ہے۔انسانی فکر کا خاصّہ ہے کہ وہ تأثیرگذار ہونے کے ساتھ ساتھ تأثیر پذیر بھی ہوتی ہے۔ علامہ اقبال کی زندگی کے شب و روز پر نگاہ ڈالیں تو یہ بات حرف حرف صادق آتی ہے۔ وہ ۱۹۰۵ء میںاعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے انگلستان گئے اور وہاں کیمبرج یونیورسٹی کے ٹرینٹی کالج میں داخلہ لیا جہاں ان کی ملاقات پروفیسر اڈورڈ برائون ، سر عبد القادر، وائٹ ہیڈ، میگ ٹیگرٹ اور نکلسن جیسے اساتذہ سے ہوئی۔یہاں انھوں نے مغربی فکر، معاشیات، سیاسیات اور نفسیات وغیرہ کا بغور مطالعہ کیا اور ان کے تناظر میں امت مسلمہ کے عروج و زوال کو پرکھا۔ اس کے بعد انھوں نے جرمنی کا بھی سفر کیا۔اس دوران ان کی فکر پر چند عظیم ہستیاں اثر انداز ہوئیں ان میں ٹالسٹائے، گوئٹے، ولیم فریڈرچ ہیگل، نطشے، تھامس آرنالڈ، ارسطو، برگساں، محمد بن عبد اللہ ، رومی، مجدد الف ثانیؒ، بایزید بسطامی اور ؒ ان کے ہمعصروں میں شبلی ، حالی اور اکبر و غیرہ کے نام لئے جا سکتے ہیں۔
۱۹۰۸ء میں اقبال اپنے وطن لاہور واپس آ گئے۔اس وقت ان کے ذہن میں فکری طلاطم برپا تھااور ان کا پورا وجود ایک آتشکدہ بنا ہوا تھا۔مغرب کے مشاہدے نے ان کے اندر اپنی قوم کو لے کر ایک خواب کو جنم دے دیا تھا۔ ایسا خواب جس کی تعبیر میں وہ اپنی خوابیدہ قوم کو بیدار کرنا چاہتے تھے اور مردہ دلوں میں گرم خون کی روانی کے منتظر تھے۔انھیں ایک دھن سوار تھی کہ سوئی ہوئی قوم کو جھنجھوڑ کر جگا دیںاور اسے صحیح زندگی گذارنے کے اسرار و رموز سکھا دیں۔انھیں یہ احساس تھا کہ ؎
ابھی تک ہے پردے میں اولاد آدم
کسی کی خودی آشکارا نہیں ہے
ان کے اس جنون کا آتش فشاںشعر و نثر دونوں شکلوں میں پھوٹ پڑا۔ ان کی تقریریں، مضامین ، نظمیں سب کی سب ایک پیام دینے لگیں،ایساپیام جو قوم کی فکر و نظر کو بدل دے، جو قوم کے دل و دماغ میں طلاطم برپا کر دے۔ نہ فقط فرد کی زندگی پر اثر انداز ہو بلکہ اس کے گرد و پیش کو سر تا سرتبدیل کر دے۔یہی جذبہ اقبال کی فکرکی اساس اور ان کے ذریعے پیش کئے گئے خودی کے فلسفے کا اصل مقصدبنا یعنی فرد اور ملت کے اندر مثبت تبدیلی لانا۔ ان کے مطابق تغیر زندہ قوم کی علامت ہے۔ اس مقصد کی بر آری میں شاعری نے ان کی بہتر ہمنوائی کی جس کا مرکز اور منبع قرآن اور سنت قرار پایا۔ انھوں نے اپنے شعر کو اپنے مقصد کے اعلامیہ کا ذریعہ بنایا اور اس طرح ان کی شاعری پیامی فکر کی ترجمان بن کر ابھری۔حتیٰ کہ یہی وصف ان کی شاعری کا خاصہ قرار پایا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری ہمیں ایک متعین ، مستقل اور مربوط نظام فکر کے دائرے میں گردش کرتی نظر آتی ہے ۔ان کا وسیع مطالعہ اور مشاہدہ ان کے کلام کو مدلل اور پر زور بنانے میں مددگار ثابت ہوا۔قوم کے تئیں ان کی فکر اور جذبے کی صداقت اپنے تمام شعری محاسن کے ساتھ ان کے شعر سے مترشح ہوتی نظر آتی ہے۔
اقبال نے اپنے منشور و مقصود کے حصول کے لئے یعنی خوابیدہ قوم کو بیدار کرنے ، اس کے مردہ دل میں گرم خون رواں کرنے اور قوم کو زندہ کرنے میں خواتین کے کردار کو بہت اہم قرار دیا ۔وہ اپنے کلام میں ان کا ذکر نہایت احترام سے کرتے ہیں خواہ وہ ماں کے روپ میں ہوں ، بیٹی ،بہن،بیوی یا قوم کی دیگر خواتین ہوں۔وہ ان کی جاںفشانی اور دلیری کی ستائش کرتے ہیں تو کبھی ان کی تعلیم و تربیت کے لئے فکر مند نظر آتے ہیںاور ان کی توجہ اپنے ناصحانہ کلام کے ذریعے تعلیم کے حصول کی جانب مبذول کراتے ہیں۔ خواتین کے احترام کو مرد کا اولین فریضہ بھی بتاتے ہیں۔اقبال خواتین کے تعلق سے اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ ’ حیراں کرتی ہیں مجھے اس کی نکتہ دانیاں‘ اور ساتھ ہی یہ بھی نشاندہی کرتے ہیں کہ ’وجود زن سے ہے تصویر کائنات میں رنگ‘۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ عورت دل ، دماغ ، جسم ،روح ، رنگ اور رمق سب کچھ رکھتی ہے۔ وہ مقدس ہے ، پیار و ایثار سے معمور محبت و وفا کا پیکر ہے۔اپنے پاکیزہ عشق سے پورے معاشرے کو استحکام بخشتی ہے اور ایک توانا قوم کی تعمیر و تشکیل کرتی ہے۔ یوں تو عورت کے تئیں اقبال کا نظریہ اسلامی اقدار پر مبنی ہے مگر وہ اس کے ساتھ ہی مشرقی روایات کے بھی حامی نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق عورت کی پیشانی کی لکیروں میں قوم کی تقدیر لکھ دی گئی ہے۔اس کی تعظیم و تکریم سے ملت اسلامیہ کا وجود ہے اوربنا اس کے سب خام خیالی ہے۔ ایک طرف عورتیں مردوں کا لباس ہیں تو دوسری جانب الرجال قوامون علی النساء بھی ایک حقیقت ہے۔اسلام نے عورت کو وہ تمام حقوق دے رکھے ہیں جو اس کی فطرت کے عین مطابق ہیں۔ عورت کو حمل اور تولید کی خصوصیات کی بنا پر امتیاز حاصل ہے اورحجاب اس کی تحریم و تکریم میں اضافہ کرتا ہے۔ اقبال کی ایک نظم کا عنوان مخدرات اسلام ہے۔مخدرات یعنی پردہ نشینان، مستورات، نسوان، بانوان پاک دامن، باشرم و حیا، با حجاب خواتین۔
اقبال ایک روشن فکر شاعر ہیں ۔ وہ تعلیم نسواں کے زبردست حامی ہیںمگر اس معاملے میں ان کا موقف بالکل صاف ہے کہ جدید تعلیم کے ساتھ اسلامی عقائد کا اتباع لازمی ہے۔ان کے مطابق عورت قوم کی معمار ہے لہٰذا وہ اس طرح زندگی گذارے کہ پوری قوم کی فلاح و بہبود اسی کے دم سے وابستہ ہو جائے ۔ اس کے لئے اس کا تعلیم یافتہ ہونا ضروری ہے۔ ایک تعلیم یافتہ عورت نا جانے کتنے علم کے چراغ روشن کر دیتی ہے۔ وہ اپنے مزاج کی نرمی و حلاوت ، خوش گفتاری ، صبر و تحمل ، ایثار و وفا جیسے خوبصورت جذبوں کی بدولت معاشرے کی فضا کو سازگار بنانے میں کامیاب ہوتی ہے۔
عورت کے مقام اور احترام پر اقبال نے فارسی اور اردو دونوں زبانوں میں بے شمار اشعار کہے ہیں۔ ضرب کلیم میں عورت سے متعلق نو(۹) نظموں پر مشتمل پورا باب موجود ہے۔بانگ درا میں فاطمہ بنت عبد اللہ اور’ والدہ محترمہ کی یاد میں ‘ایک انتہائی جذباتی نظم اور ظریفانہ کے تحت عورت سے متعلق تین رباعیاںدرج ہیں۔ ارمغان حجاز میں دختران ملت عنوان کے تحت آٹھ رباعیاں ملتی ہیں۔ مثنوی پس چہ باید کرد ای اقوام شرق میں حکمت فرعونی کے تحت عورتوں سے متعلق شعر موجود ہیں۔ اسی طرح جاوید نامہ میں افلاک کی سیر کے دوران مختلف انداز اور مختلف طریقوں سے عورت کے تصور کو پیش کیا ہے۔ رموز بیخودی میں پینتیس اشعار کی نظم سیدہ فاطمۃ الزہراء اور مخدرات اسلام عنوان سے نظر آتی ہیں۔ اقبال کی اہم تصنیف جو علم الاقتصاد پر ہے اس میں بھی ضمناً عورت کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان کے بالکل ابتدائی مقالات میں بھی حقوق نسواں اوران کے مسائل پر گفتگو کی گئی ہے۔ ۱۹۱۱ء میں اقبال نے علی گڑھ کالج میں ایک تاریخی خطبہ ’ ملت بیضاء پر ایک عمرانی نظر ‘ عنوان سے پیش کیا اور اس میں تصور نسواں کی وضاحت کی۔۷؍جنوری ۱۹۲۹ء میں انجمن خواتین مدارس کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں اقبال نے شرکت کی اور وہاں اپنی بصیرت افروز تقریر میں ’اسلام میں عورت کا مقام ‘ پر تفصیلی اور مدلل گفتگو کی۔ان کی کتاب Stray Reflectionsمیں بھی تصور نسواں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ دوسری گول میز کانفرنس کے سلسلے میں اقبال ۱۹۳۰ء میں جب انگلینڈ میں تھے تب وہاں انھوں نے عورتوں پر ایک مضمون لکھا تھا۔۱۹۳۲ء میں اقبال کا ایک مضمون طلاق کے قانون میں شامل ایک اصطلاح’ تفویض‘ کو لے کر The Liverpool Postمیں شائع ہوا۔اس کے چند جملوں سے خواتین کے حقوق کے تئیں ان کی فکر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ؎
’آج عورت کے طلاق کے قوانین دلچسپی سے خالی نہیں۔اسے محفوظ بنانے کے لئے شادی کے وقت بیوی کی طرف سے شوہر کو کہا جاتا ہے کہ وہ اپنا طلاق کا حق اسے، اس کے والد ، بھائی یا کسی اجنبی کے سپرد کر دے ۔تکنیکی زبان میں اسے تفویض کہا جاتا ہے یعنی حوالے کرنا۔حفاظت کا یہ چکر کیوں اپنایا گیا ، اس کی وجہ میں یوروپ کے قوانین دانوں پر چھوڑتا ہوں۔‘ ماں کی ذات اقبال کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہے ۔ان کا ماننا ہے کہ لفظ امّت میں تین حرف ہیں اور اس میں ’امّ‘ یعنی ماں سمائی ہوئی ہے۔ ارمغان حجاز میں د ختران ملت عنوان سے ایک نظم ہے جس کے دو شعر ملاحظہ فرمائیں ؎
جہان را محکمی از امہات است
نہاد شان امین ممکنات است
اگر این نکتہ را قومی نداند
نظام کار وبارش بی ثبات است

