نئی دہلی : ملک میں کورونا بحران کے پیش نظر ، لاک ڈاؤن میں عظیم صوفی شاعروں اور سنت شعرا کی محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے لئے ڈیجیٹل مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔دہلی یونیورسٹی میں ہندی کی پروفیسر ڈاکٹر میدھا نے ‘میں سجدے میں ہوں’ کے نام سے اس مہم کا آغاز کیا ہے جس میں ویڈیو کی مدد سے پہلی صوفی خااتون شاعر سے لے کر بھکتی عہد کے سنت شعراء سے متعلق پروگرام دکھائے جارہے ہیں۔ اب تک 25 ڈیجیٹل پروگرام ہوچکے ہیں اور 25 ہزار سے زیادہ لوگوں نے اسے پسند بھی کیا ہے۔ڈاکٹر میدھا نے یواین آئی کو بتایا کہ ہم سبھی 13 ویں صدی کے عظیم صوفی اسکالر ، فقیر اور شاعر رومی کو جانتے ہیں اور ان کے علم و ادب سے بخوبی واقف ہیں۔ لیکن ہم میں سے بہت کم لوگ چوتھی صدی قبل عراق کے شہر بصرہ میں پیدا ہونے والی دنیا کی پہلی خاتون صوفی فقیر اور شاعر کو جانتے ہیں۔ رابعہ بصری نامی اس شاعرہ نے دنیا کو تصوف اور عشق حقیقی کا تحفہ دیا ، یعنی ‘محبت کا راستہ’ ، یعنی خدا صرف محبت کے ذریعے ہی پایا جاسکتا ہے۔

