لکھنؤ: گیان واپی معاملے پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے منگل کو کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی) اور بی جے پی کے لیڈروں کے ذریعہ متنازع بیان بازی دونو ں پارٹیوں کی سیاسی سازش کا حصہ ہے۔
مایاوتی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا’ ایس پی کے ذریعہ بدھ مٹھ کو توڑ کر بدری ناتھ مندر بنانے سے متعلق بیان کے بعد اب بی جے پی کے ذریعہ عدالت میں زیر سماعت گیان واپی معاملے کے سلسلے میں تنازع کو بڑھانے والا بیان کہیں ان دونوں پارٹیوں کی سوچی سمجھی سیاسی سازش کا نتیجہ تو نہیں ہے۔ یہ کافی سنگین اور تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ ۔جب کہ گیان واپی معاملے میں اے ایس آئی سے سروے کرانے کے تنازع کا معاملہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہائی کورٹ میں ابھی زیر التواء ہے۔ ایسے میں اس معاملے کے ضمن میں کوئی بھی تبصرہ کرنا غیر ضروری ہی نہیں بلکہ غیر مناسب ہے۔عدالت کے فیصلے کا احترام و انتظار کرنا ضروری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ گیان واپی احاطے میں ترشول اور دیو کے علامات وہاں مندر ہونے کی گواہی دیتی ہیں۔ اس سے پہلے ایس پی لیڈر سوامی پرساد موریہ نے بدری ناتھ دھام کو بدھ مٹھ قرار دے کر وہاں اے ایس آئی سروے کی وکالت کی تھی۔

