لوک سبھا انتخابات میں یوپی کی تمام 80 سیٹیں بی جے پی جیتے گی: موریہ

0

سہارنپور:اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ نے جمعہ کو کہا کہ شہری انتخابات میں اپنی حمایت دے کر عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ترقی پر مبنی پالیسیوں پر اپنی مہر ثبت کر دی ہے اوراگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی ریاست کی تمام 80 سیٹیں جیتے گی۔
مسٹر موریہ نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سہارنپور کے لوگوں اور ہر اس کارکن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے سہارنپور میونسپل کارپوریشن سیٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دیوبند میں کمل کھلانے کا کام کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی تمام 17 سیٹیں بی جے پی کی جھولی میں ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ریاست کے عوام کے آشیرواد سے 80 سیٹوں پر جیت ہوجائے تو اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایس پی، بی ایس پی، کانگریس اور آر ایل ڈی مسلمانوں میں بی جے پی کے بارے میں خوف پیدا کرنے کا کام کرتے ہیں لیکن مسلمانوں نے حکومت کے کام کاج سے خوش ہو کر بڑی تعداد میں بی جے پی کو ووٹ دیا ہے اور پورے اتر پردیش میں 95 مسلم امیدواروں بی جے پی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی ہے، جن میں سہارنپور کے سلطان پور چلکانہ نگر پنچایت کے صدر کا انتخاب جیتنے والی پھول بانو انصاری بھی شامل ہیں۔ شہری انتخابات کے اشارے کے مطابق، بی جے پی اتر پردیش کی تمام 80 لوک سبھا سیٹوں پر بھی کامیابی حاصل کرے گی۔
اس سوال کے جواب میں کہ جمہوریت میں اپوزیشن کا کمزور ہونا کسی کے مفاد میں نہیں ہے، کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو جیتانا ہماری ذمہ داری نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہارنپور ضلع میں پلائی انڈسٹری کو فروغ دینے اور آرا مشینوں کے لیے نئے لائسنس دینے کا کام حکومت کرے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گنے کی قیمت کے بقایا جات ترجیحی بنیادوں پر ادا کئے جائیں۔ ہر گھر تک پانی پہنچانے کا کام کیا جائے۔ محروم لوگوں کے لیے آیوشمان کارڈ بنائے جائیں۔ چیف منسٹر ہیلتھ اسکیم کا فائدہ دیا جائے۔ راشن صارفین کو وقت پر راشن تقسیم کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here