نئی دہلی: کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں گزشتہ دو مہینوں سے زیادہ وقت سے جاری لاک ڈاون کو اب صرف کنٹینمنٹ زون تک محدود کرکے اس کی مدت میں تیس جون تک توسیع کردی گئی ہے۔کنٹیمنٹ زون سے باہر کے علاقوں میں مختلف سرگرمیوں پر چوتھے مرحلہ میں نافذ پابندیوں کو مرحلہ وار طریقہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مرکزی داخلہ سکریٹری نے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت قائم قومی ایکزیکیوٹیو کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے آج اس بارے میں ایک احکامات جاری کئے۔ احکامات کے ساتھ کنٹینمنٹ زون کے لئے خصوصی رہنما ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں گزشتہ 25مارچ سے لاک ڈاون نافذ ہے جس کا چوتھا مرحلہ 31مئی کو ختم ہورہا ہے۔نئی رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کنٹینمنٹ زون کے باہر سرگرمیوں کو مرحلہ طریقہ سے شروع کیا جائے گا اور اس دوران مرکزی وزارت صحت ور خاندانی فلاح وبہبود کے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی) پر عمل کرنا ہوگا۔پہلے مرحلہ میں آئندہ 8جولائی سے مذہبی مقامات، ہوٹلوں، ریستورانوں اور دیگر مہمان نواز ی کے مراکز اور شاپنگ مال کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ان سرگرمیوں کے لئے جلد ہی ایس او پی جاری کیا جائے گیا۔دوسرے مرحلہ میں ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد اسکول، کالج، تعلیمی، تربیتی اور کوچنگ سنٹر وغیرہ کھولے جائیں گے۔ ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستیں اداروں، والدین اوردیگر فریقین کے ساتھ بھی صلاح ومشورہ کریں گی۔ ان صلاح و مشوروں کی بنیاد پر ان اداروں کو کھولنے کے بارے میں فیصلہ جولائی میں کیا جائے گا۔اس کے بارے میں بھی تمام متعلقہ فریقین اور ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایس او پی جاری کیا جائے گا۔تیسرے مرحلہ میں حالات کے وسیع جائزہ کے بعد بین الاقوامی فضائی سفر، میٹرو ریل، سنیما ہال، جم، سوئمنگ پول، تفریحی پارک، تھیئٹر، بار، آڈیٹوریم، اسمبلی ہال اور اسی طرح کے دیگر مقامات کو کھولنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ سماجی، سیاسی، کھیل، تفریح، تعلیمی، ثقافتی، مذہبی تقاریب اور بھیڑ بھاڑ والی تقریبات کے انعقاد کے بارے میں فیصلہ صورتحال کے جائزہ کے بعد ہی کیا جائے گا۔
نئی رہنما ہدایات میں رات کے کرفیو کو نافذ رکھا گیا ہے لیکن اس کا وقت بدل کر رات میں نو بجے سے صبح پانچ بجے تک کردیا گیا ہے۔ پہلے یہ شام سات سے صبح سات بجے تک تھا۔ لازمی خدمات کو اس پابندی سے باہر رکھا گیا ہے۔ کنٹیمنٹ زون میں لاک ڈاون کی پابندیاں پہلے کی طرح 30جون تک نافذ رہیں گی۔ کنٹینمنٹ زون کا تعین رہنما خطوط کے مطابق کیا جائے گا کنٹیمنٹ زون میں لازمی خدمات کو پابندی سے باہر رکھا گیا ہے۔ان علاقوں میں لوگوں کے آمدورفت مکمل طورپر بند رہے گی اور وہ صرف طبی ایمرجنسی اور لازمی خدمات کے لئے ہی باہر نکل سکیں گے۔ ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستیں کنٹینمنٹ زون کے باہر پہلے ہی طرح بفر زون بنا سکیں گی جہاں نئے معاملے آنے کا اندیشہ ہو۔ ان علاقوں میں ضلع انتظامیہ اپنی طرف سے پابندی لگا سکیں گی۔ریاستیں اور مرکز کے زیرانتظام ریاستیں ضرورت پڑنے پر صورتحال کے مطابق کچھ سرگرمیوں پر پابندی لگا سکتی ہیں۔نئی رہنما ہدایات میں لوگوں اور سامان کو ریاست کے اندر ایک سے دوسری ریاست میں لانے لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس طرح کے لانے لے جانے کے لئے کسی طرح کے پرمٹ یا پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اگر کچھ ریاستیں صحت شعبہ کی تشخیص کی بنیاد پراس آمدورفت کو محدود کرنا چاہتی ہیں تو وہ اس بارے میں پہلے سے ہی وسیع تشہیر کرکے لوگوں کو معلومات دیں گی۔مسافر ٹرین، شرمک اسپیشل ٹرے، گھریلو فضائی سفر، غیرممالک میں پھنسے ہندستانیوں اور ملک میں پھنسے غیرملکیوں کی آمدو رفت چوتھے مرحلہ کی طرح ایس پی او کی بنیاد پر جاری رہے گی۔ جن پڑوسی ممالک کے ساتھ معاہدہ ان میں سامان کی آمدورفت میں بھی کوئی ریاست رخنہ نہیں ڈالے گی۔65برس سے زیادہ عمر کے لوگوں، سنگین بیماریوں میں مبتلا مریضوں، حاملہ خواتین اور دس برس سے کم عمر کے بچوں کو ایمرجنسی کو چھوڑ کر گھروں میں ہی رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔تمام سرکاری اور پرائیویٹ ملازمین کو اپنے فون میں آروگیہ سیتو ایپ پہلے کی ہی طرح ڈاون لوڈ کرنا ہوگا۔ضلع انتظامیہ کو بھی ہر شہری کو یہ ایپ ڈاو ن لوڈ کرنے کی ترغیرب دینی ہوگی۔احکامات میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ریاست یا مرکز کے زیرانتظام ریاست اپنی طرف سے ان رہنما ہدایات میں کوئی نرمی نہیں دیں گی۔ تمام ضلع مجسٹریٹ ان اقدامات کو سختی سے نافذ کریں گے۔ ان اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے التزامات کے تحت کارروائی کی جائے گی۔عوامی مقامات اور کام کرنے کی جگہوں پر ماسک پہننا پہلے کی طرح لازمی رہے گا۔ سماجی دور ی کے دو گزکے اصول پر ہر جگہ عمل کرنا ہوگا۔ بڑی تقاریب کے انعقادپر پابندی جاری رہے گی اور شادی کی تقریبات میں پہلے کی طرح پچاس اور آخری رسومات میں 20لوگوں کے شامل ہونے کی اجازت رہے گی۔ عوامی مقامات پر تھوکنے پر بھی پابندی جاری رہے گی۔رہنما ہدایات میں کہا گیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو گھر سے کام کرنے کو ترجیح دی جانی چاہئے۔

