نئی دہلی: سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں فیس بک سے متعلق شائع ہونے والی ایک خبر کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ہندوستان میں فیس بک آزاد نہیں ہے بلکہ وہ بی جے پی-آر ایس اے ایس کے دباؤ میں کام کرتا ہے۔
مسٹر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ” ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ہندوستان میں فیس بک پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا کنٹرول ہے”۔
کانگریس کے لیڈر نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے ایک ٹی وی نیوز کی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فیس بک اپنے کاروبار بلا تعطل جاری رکھنے اور اپنے دفاتر نیز ملازمین کی سلامتی کو دیکھتے ہوئے بجرنگ دل کے کارکنوں کی اشتعال انگیز ویڈیو پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

