گورکھپور: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کہا کہ عدم تشدد جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے جسے بابائے قوم گاندھی کی قیادت میں پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
یوگی نے یہاں بابائے قوم مہاتما گاندھی و سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کی جینتی پر انہیں جذباتی خراج عقیدت پیش کیا اور ملکی مفاد میں ان کے ذریں کردار کو یاد کرتے ہوئے ان کے تئیں تشکر کا اظہار کیا۔ باپو کے سچ و عدم تشدد کے پیغام کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ عدم تشدد جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
گاندھی جینتی کے موقع پر چیف منسٹر نے رام دھن کے دوران ٹاؤن ہال میں ان کے مجسمہ پر پھولوں کی مالا چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر یوگی نے شاستری چوک میں واقع ان کے مجسمے پر گلپوشی کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
باپو کی یوم پیدائش پر وزیر اعلیٰ گولگھر میں گاندھی آشرم بھی پہنچے اور چرخہ کات کر انہیں یاد کیا۔ گاندھی آشرم میں سوت کاتنے کا طریقہ دیکھنے، معلومات لینے اور کھادی اور دیہی صنعتوں کی مصنوعات کا مشاہدہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے کھادی کے کپڑے بھی خریدے۔
گاندھی آشرم میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عدم تشدد جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کی قیادت میں پوری دنیا نے اسے دیکھا ہے۔ پورا ملک عظیم آزادی کے رہنما، بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی 154 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ پوری دنیا کو سچائی اور عدم تشدد کا راستہ دکھا کر باپو نے یہ پیغام دیا کہ جمہوری اقدار پر عمل کر کے دنیا کی سب سے بڑی طاقت کو زیر کیا جا سکتا ہے۔ سودیشی، سچائی اور عدم تشدد کی پیروی کرتے ہوئے، مہاتما گاندھی نے انگریزوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کردیا جن کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ان کی سلطنت کا سورج کبھی غروب نہیں ہوتا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کال پر ریاست کی تمام گرام پنچایتوں اور اداروں میں سوچھجانجلی کا پروگرام چل رہا ہے۔سودیشی، خودانحصاری، ستیہ و عدم تشدد کا جو راستہ بابائے قوم مہاتما گاندھی نے دکھایا تھا اس کے ساتھ ہی ان کے لئے صفائی کی مہم بھی بہت اہم تھی۔ سوچھجانجلی کا پروگرام باپو کے اسی مہم سے متاثر ہے۔
ملک کے دوسرے وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو سلام کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جئے جوان۔جئے کسان کا نعرہ دے کر سیکورٹی کے ساتھ خودکفالت کے تئیں اپیل کرنے والے شاستری جی باپو کے پیروکار بھی تھے۔ آج ملک و سماج میں ان کے کردار کو یاد کرنے اور سلام کرنے کا بھی موقع ہے۔

