لکھنؤ:اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے عازمین حجاز کا قافلہ مدینہ منورہ کے لئے یومیہ روانہ ہورہا ہے۔ اسی کڑی میں آج صبح کے طیارے سے حج بیت اللہ کے عزم کے ساتھ ریاست کے ضلع سیتا پور کے محمودآباد سے آئے عازم حج محمد شریف کی مدینہ منورہ کی زیارت کی حسرت اس وقت مزید طویل ہوگئی جب طیارے کے زینے پر قدم رکھنے سے قبل ناسازی طبیعت کی وجہ سے وہ پرواز نہ بھر سکے اور انہیں ڈاکٹروں کے نگہداشت میں جانا پڑا۔۔
موصول اطلاع کے مطابق ضلع سیتا پور کی تحصیل محمود آباد کے گاوں صدر کے رہنے والے محمد شریف اپنی بیٹی ریحانہ خاتون کے ساتھ سفر حج پر روانگی کے لئےکل ہی لکھنو میں واقعہ مولانا علی میاں میموریل حج ہاوس پہنچے تھے۔ تمام تر کاروائیوں کے بعد اہل خانہ انہیں مبارک سفر پر رخصت کر کے چلے گئے تھے۔محمد شریف بھی اپنے کور میں شامل بیٹی کے ساتھ حج ہاوس سے عازمین حج کو لے کر ائیر پورٹ جانے والی بس میں سوار ہوکر ائیر پورٹ پر پہنچ گئے تھے۔
حج ہاوس کے میڈیکل معاونت کے لئے بنائے گئے کمرے میں آرام کررہے محمد شریف نے یواین آئی سے بات چیت میں بتایا کہ طیارے پر سوا رہونے سے قبل انہیں ایسا محسوس ہوا کہ ان کے آس پاس کی زمین ہل رہی ہے۔پہلےتو انہوں نے اسے بس سے سفر کرنے کی وجہ سے نظر انداز کرنے کی کوشش کی لیکن جب معاملہ بڑھ گیا تو انہوں نے وہاں موجود ائیر پورٹ اسٹاف کو اپنی حالت کے بارے میں آگاہ کیا۔ائیر لائنس اسٹاف نے فوراڈاکٹر کو بلا کر ان کا چیک اپ کرایا تو ان کا بی پی کافی ہائی تھا۔اور ڈاکٹروں نے ایسی حالت میں سفر سے منع کردیا۔
محمد شریف بتاتے ہیں کہ اچانک طبیعت کیوں بگڑی اسکی کوئی خاص وجہ سمجھ میں نہیں آتی لیکن وہ اپنے ماضی کو کچھ یادوں کا ذکر کرت ہوئے آبدیدہ ہوجاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شاید انہیں یادوں کے کچوکوں نے انہیں اس حالت تک پہنچایا ہے کہ طیارے پر قدم رکھنے اور مدینے کی چند گھنٹوں کے بعد زیارت کی حسرت مزید طویل ہوگئی۔ چونکہ محمد شریف کے کور میں ان کے بیٹی کا بھی نام تھا اس لئے دونوں ہی مبارک سفر کے لئے روانہ نا ہوسکے۔
محمد شریف پر امید ہیں کہ ان کی طبیعت میں بہتری آئی گی اور مدینہ سے ان کا بلاوا ضرور آئے گا۔ وہیں اس ضمن میں سکریٹری ایس پی تیواری نے بتایا کہ عازم حج محمد شریف کا معاملہ منفرد قسم کا معاملہ ہے۔ طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے وہ اور ان کے کور میں شامل ان کی بیٹی سفر کے لئے روانہ نہیں ہوسکے ہیں۔ حج کمیٹی نے ان کی تمام تفصیلات کو مرکزی حج کمیٹی ممبئی بھیجا ہے وہاں سے رہنمائی ملتے ہی انہیں مبارک سفر کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ عازم حج کو جلد از جلد روانہ کردیا جائے۔
وہیں دوسری طرف آج چودھری چرن سنگھ انٹرنینشل ائیر پورٹ سے مختلف اوقات میں تقریبا 950عازمین حج کو لے کر تین طیاروں نے مدینہ منورہ کے لئے پپرواز بھری۔آج سے دہلی سے بھی عازمین حج کو لے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔قابل ذکر ہے کہ ریاست سے کل ہی عازمین حج کے روانگی کا سلسلہ شرو ع ہوا ہے کہ دو طیاروں نے عازمین حج کے ساتھ مدینہ منورہ کی اڑان بھری تھی۔سروجنی نگر واقع علی میاں میموریل حج ہاوس میں عازمین حج کے قیام و طعام کا انتظام ہے۔حج ہاوس میں ہی سعودی ائر لائنس کے کاونٹر بھی بنائے گئے اس سے عازمین حج اپنا سامان جمع کر کے حج ہاوس میں ہی چیک ان کراسکیں گے۔
ملحوظ ر ہے کہ حج بیت اللہ۔2023 کے تحت اترپردیش سے اس بار کل25444عازمین حج سفرکریں گے۔اترپردیش میں کل 26786امیدواروں نے درخواست دی تھی جن میں سے 1342افراد نے کن ہی وجوہات کی بنیاد پر اپنے فارم واپس لے لئے تھے۔ان مجموعی تعداد میں سے 12070عازمین غازی آباد حج ہاوس کے تحت دہلی سے سفر طے کریں گے جبکہ10901عازمین لکھنو سے روانہ ہونگے۔2473عازمین وارانسی سےروانہ ہونےوالے تھے لیکن کچھ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے اب انہیں بھی لکھنو سے ہی سفر کرنا پڑےگا۔اس بار اترپردیش سے عازمین حج کا کوٹہ 31ہزار تھا لیکن درخواستیں اس سے کم ہی موصول ہوئیں۔
معلوم رہے کہ ایک عازم حج کو غیر ملکی کرنسی کی شکل میں کم سے کم 1500 اور زیادہ سے زیادہ10ہزار سعودی ریال اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہے۔اس کے لئے انہیں اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے روپئے دے کر سعودی کرنسی لینی ہوگی۔

