ممبئی یکم اپریل:ممبئی کی مقامی عدالت نے آج یہاں سبکدوش پولیس افسر شمشیر خان پٹھان کو ممبئی کے ایک مقامی بلڈر سے تنازعہ کے معاملے میں انہیں مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے –
سیوڑی عدالت کے مجسٹریٹ کرانڈے نے اپنے حکم میں شمشیر خان پٹھان کو دس ہزار روپیہ نقد ضمانت دیئے جانے کا حکم جاری کرتے ہوئے انہیں ان کے خلاف شواہد کو مٹانے سے روک دیا ہے –
اسی معاملے میں گرفتار سابق رکن اسمبلی و مجلس اتحادالمسلمین کے ممبئی صدر فیاض احمد کے فرزند فیضان احمد کی درخواست ضمانت کو عدالت نے مسترد کر دیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دیئے جانے کا حکم جاری کیا –
واضح رہے کہ شمشیر خان پٹھان کو ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن نے گنجان مسلم آبادی والے علاقہ مورلینڈ روڈ میں مسلم خواتین کی جانب سے شہری ترمیمی بل کے خلاف جاری ممبئی باغ کے مظاہرے میں خاتون سے بدتمیزی کے معاملے میں شمشیر پٹھان اور فیاض احمد کو گرفتار کیا تھا اور بعد میں عدالت نے دونوں کو رہا کر دیا تھا لیکن ضمانت پر رہائی کے فوری بعد شمشیر پٹھان کو دوبارہ ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن نے ۷۱۰۲/میں درج کیئے گئے ایک مقدمہ میں گرفتار کیا جو چالیس نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا –
اطلاعات کے مطابق ۷۱۰۲/کا معاملہ ممبئی کے سکھلاجی اسٹریٹ میں ایک رہائشی بلڈنگ کے تعلق سے تھا جہاں کے کرایہ داروں اور شمشیر خان پٹھان نے مبینہ طور پر بلڈر کی بدعنوانیوں کے خلاف جبراُ عمارت کے احاطہ میں گھسنے کی کوشش کی تھی جس کے سبب وہاں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی –
آج سیوڑی عدالت کے مجسٹریٹ کرانڈے کے روبرو شمشیر پٹھان اور فیضان احمد کو سخت حفاظتی بندوبست میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے سب سے پہلے فیضان احمد کی درخواست ضمانت کو مسترد کر دیا اور انہیں عدالتی تحویل میں دیئے جانے کا حکم جاری کیا –
ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن کے تفتیشی افسر نے عدالت میں جو درخواست ریمانڈ داخل کی تھی اس میں شمشیر پٹھان کی پولیس تحویل میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا اور یہ جواز پیش کیا گیا تھا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور پولیس معاملے کی گہرائی تک جانا چاہتی ہے اور مفرور ملزمین کو گرفتار کرکے ان سے اس معاملے کی مکمل تفتیش کرنا چاہتی ہے –
وکلا ئ دفاع ایڈوکیٹ مبین سولکر اور ایڈوکیٹ شہباز پٹھان نے عدالت کو بتلایا کہ شمشیر خان پٹھان کو ۷۱۰۲/کے جس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے اس سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے نیز ۷۱۰۲/سے آج تک شمشیر پٹھان نے متعدد مرتبہ ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن کے افسران سے مختلف معاملات میں رابطہ میں تھے انہیں ان کے خلاف داخل کیئے گئے اس معاملے کی نوٹس بھی نہیں دی گئی تھی –
دفاع نے تفتیشی افسر کے پولیس تحویل میں توسیع کرنے کے مطالبہ کی بھی سخت لفظوں میں مخالفت کی اور عدالت کو بتلایا کہ اس معاملے میں آج تیسری مرتبہ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے نیز دو مرتبہ جب ملزم کو پولیس تحویل میں دیا گیا تھا اس دن سے لیکر آج تک اس معاملے میں کوئی اہم بات سامنے نہیں آئی ہے لہذا ملزم کی تحویل میں توسیع نہ کی جائے اور انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے –
مجسٹریٹ کرانڈے نے دفاع کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے شمشیر خان پٹھان کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا –
اس معاملے میں ضمانت کی دیگر شرائط کے تعلق سے اطلاعات موصول نہیں ہو سکیں البتہ ممبئی باغ میں شمشیر پٹھان کو جو ضمانت پچھلے ہفتہ دی گئی تھی اس کے مطابق انہیں ہفتہ میں دو مرتبہ ناگپاڑہ پولیس اسٹیشن میں حاضری کیلئے پیش ہونا ہو گا –

