نئی دہلی : مرکزی حکومت نے لاک ڈاون کے پیش نظر مختلف ریاستوں میں پھنسے مائیگرینٹ ورکرز کے لئے چلائی جا رہی خصوصی شرمک ٹرینوں کی آمد ورفت سے متعلق معیاری آپریٹنگ پروٹوکول (ایس او پی) میں ترمیم کی ہے جس میں ان ٹرینوں کو چلانے کے لئے ریاست سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نئی دہلی، 19 ؍مئی، 2020،مؤرخہ 17؍مئی 2020 کو لا ک ڈاؤن سے متعلق اقدامات اور متعلقہ نظر ثانی شدہ جامع رہنما خطوط کے تحت داخلی امور کی وزارت نے ریل گاڑیوں کے ذریعے مختلف مقامات یا شہروں میں پھنسے ہوئے مزدوروں کی نقل وحرکت کے لئے نظر ثانی شدہ معیاری آپریٹنگ ضوابط (ایس او پی)، جاری کئے ہیں۔
وزارت ریلوے، وزارت داخلہ کے ساتھ صلاح و مشورہ کر کے شرمک اسپیشل ریل گاڑیاں چلانے کی اجازت دے گی۔
تمام ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو نوڈل حکام نامزد کرنے چاہیئں اور اس طرح کے مزدوروں ؍ افراد کو لانے اور لے جانے کے لئے ضروری انتظامات کرنے چاہیئں۔
ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ضروریات کی بنیاد پر ریل گاڑیوں کے ٹھہرنے کے اسٹیشنوں اور منزل مقصودکے تعین سمیت ریل گاڑیوں کے نظام الاوقات کو وزارت ریلوے کے ذریعے حتمی شکل دی جائے گی اور ان تفصیلات کو وزارت ریلوے کی جانب سے ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو فراہم کرایا جائے گا تاکہ وہ اس طرح کے پھنسے ہوئے مزدوروں کو لانے اور لے جانے کے لئے معقول اور مناسب انتظامات کر سکیں۔
ریل گاڑیوں کے چلائے جانے کے نظام الاوقات، مسافروں کے داخلے اور نقل و حرکت سے متعلق ضوابط، سواری ڈبوں میں فراہم کرائی جانے والی خدمات اور ٹکٹ بک کرنے سے متعلق ریاستی حکومتوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعے انتظامات کی ذمہ داری بھی وزارت ریلوے کی ہی ہوگی۔
ریاستوں ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور وزارت ریلوے کے باہم منسلک رہنےسے یعنی ایک دوسرے کو با خبر رکھنے سے فائدہ یہ ہوگا کہ تمام مسافروں کی لازمی اسکریننگ ہوگی اور صرف معمول کے مطابق صحتی حالات والے مسافروں کو ہی ریل گاڑیوں میں سوار کیا جائے گا۔
ریل گاڑی میں سوار ہونے اور سفر کی مدت میں تمام تر مسافر سماجی طور پر فاصلہ برقرار رکھیں گے۔
اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد، سفر کرنے والے مسافر حضرات کو ان تمام تر صحتی ضوابط پر عمل کرنا ہوگا، جن کا تعین منزل مقصود والی ریاست ؍ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی انتظامیہ کی جانب سے کیا جائے گا۔
