نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو اپنے حکم میں مغربی بنگال حکومت کے 8 مئی کو فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی نمائش پر پابندی لگانے کے حکم پر روک لگا دی ہے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کی بنچ نے فلم سازوں اور فلم پر روک لگانے کی مخالفت کرنے والے فریقوں کی سماعت کے بعد یہ حکم دیا عدالت عظمیٰ نے کہا کہ کیرالہ اور مدراس کی ہائی کورٹ کی جانب سے فلم پر روک لگانے سے انکار کے خلاف اپیلوں کی سماعت جولائی میں ہوگی۔
دریں اثناسینئرصحافی قربان علی نے ،جنھوں نے اس فلم کی نمائش کو چیلنج کیاہے ،کہاکہ عدالت عظمی سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے سرٹیفکیشن کو چیلنج کرنے کے سلسلے میں یہ فلم (دی کیرالہ اسٹوری ) دیکھے گی۔ عدالت نے کہا کہ ’’اسے گرمیوں کی تعطیل کے بعدسماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا جائے گا کیونکہ اس کے لیے عدالت کو پہلے فلم دیکھنی ہوگی۔ ‘‘
مسٹر قربان علی نے کہا کہ ہمارا ڈس کلیمر کا مطالبہ بھی سپریم کورٹ نے مان لیا۔ سماعت کے دوران بنچ نے فلم کے اس دعوے پر بھی سوال اٹھایا کہ کیرالہ کی 32,000 خواتین کو دھوکے سے اسلام قبول کروایا گیا ہے۔ سینئروکیل ہریش سالوے، جو فلم پروڈیوسر کی طرف سے پیش ہوئے، نے ڈسکلیمر میں یہ وضاحت کرنے پر اتفاق کیا کہ32000لڑکیوں کا مذہب تبدیل کیاگیا اسے درست ثابت کرنے کے لیے کوئی مستندڈیٹا نہیں ہے اور یہ کہ فلم موضوع کے افسانوی ورژن کی نمائندگی کرتی ہے۔انھوں نے کہاکہ ڈسکلیمرکو 20مئی شام 5بجے تک شامل کردیاجائیگا۔
عدالت عظمیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہر سنیما ہال کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے اور فلم دیکھنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جائیں۔
عدالت عظمیٰ نے تمل ناڈو حکومت سے کہا کہ وہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی محفوظ نمائش کے لیے ہر سنیما ہال کو مناسب تحفظ فراہم کرے اور فلم بینوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

