نئی دہلی:سپریم کورٹ نے بالی ووڈ ادکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) جانچ کا حکم دیتے ہوئے بدھ کو کہا ہے کہ ’جب سچ سامنے آئے گا تو آنجہانی کی روح بھی چین سے سوسکے گی‘‘۔جسٹس ہرشی کیش رائے نے سشانت کی معشوقہ اور ماڈل ریا چکرورتی کی ٹرانسفر عذرداری رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی ہی کرے گی۔انہوں نے ممبئی پولس کو حکم دیا ہے کہ وہ اس معاملے میں اب تک اکٹھا کئے گئے سبھی ثبوت سی بی آئی کے حوالے کردے۔
عدالت نے کہا ہے کہ اس بات میں قطعی شبہ کی صورت حال نہیں ہونی چاہئے کہ سی بی آئی اس معاملے کی اکلوتی جانچ ایجنسی ہوگی اور کوئی بھی ریاستی پولس اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔جسٹس رائے نے اپنے 35 صفحات کے فیصلے میں کہا ہے کہ سشانت باصلاحیت اداکارتھے جو اپنی پوری صلاحیت دنیا کے سامنے پیش کرنے سے پہلے ہی دنیا سے رخصت ہوگئے۔ ان کے اہل خانہ، دوست اور شائقین بھی بغیر کسی مداخلت کی جانچ کے نتائج کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں تاکہ موت کے سلسلے میں سبھی طرح کی قیاسات پر لگام لگ سکے۔انہوں نے لکھا ہے ’’اس لئے ایک غیر جانبدار جانچ وقت کی مانگ ہے۔ جانچ کے لئے متوقع نتائج کی شکایت کنندہ (سشانت کے والد) کے لئے مناسب انصاف ہوگا، جنہوں نے اپنا اکلوتا بیٹا کھویا ہے۔ ’’عدالت نے مزید کہا کہ خود ریاچکرورتی کے لئے بھی یہی خواہش ہوگی، کیونکہ اس نے بھی سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ کی تھی۔عدالت نے کہا کہ ’’غیرجانبدار جانچ کے ذریعہ سے جوصحیح ثبوت سامنے آئیں گے اور اس سے ان بے قصورلوگوں کو انصاف ملے گا جو غلط مہم کا شکار ہوسکتے ہیں۔ جب سچ کی جیت ہوگی تو انصاف نہ صرف زندہ لوگوں کو نصیب ہوگا بلکہ آنجہانی روح بھی چین سے سوسکے گی۔ ستیہ میو جیتے۔‘‘یک رکنی بنچ نے کہا ہے کہ اس نے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت سپریم کورٹ کو دیئے گئے خصوصی حقوق کے تحت سی بی آئی جانچ کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے کہا ہے کہ ممبئی پولس نے اس کے سامنے جو ریکارڈ پیش کئے ہیں اس میں پہلی نظر میں کسی طرح کی گڑبڑی نظر نہیں آتی ہے لیکن ممبئی میں بہار پولس کی ٹیم کو نہیں روکا جانا چاہئے تھا، کیونکہ ایسا کرنے سے ممبئی پولس کی جانب سے کی جارہی جانچ کے نتائج پر شبہ پیدا ہوتا ہے۔یک رکنی بنچ نے کہا کہ چونکہ اس معاملے میں ممبئی پولس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی تھی اس لئے ان کے پاس جانچ کے محدود اختیار تھے، جبکہ بہار پولس نے رسمی ایف آئی آر درج کی تھی جسے سی بی آئی کو پہلے ہی حوالے کیا جاچکاہے اس لئے مرکزی جانچ ایجنسی ہی بالی ووڈ اداکار کی موت کی گتھی سلجھائے گی۔عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ نہ صرف پٹنہ بلکہ سشانت سنگھ موت معاملے میں کہیں بھی درج ایف آئی آر کی جانچ صرف اور صرف سی بی آئی کرے گی۔یک رکنی بنچ نے واضح کیا کہ پٹنہ میں سشانت کے والد کی جانب سے درج ایف آئی آر کی سی بی آئی جانچ کے سلسلے میں بہار حکومت کی سفارش درست تھی۔مہاراشٹر حکومت نے بہار حکومت کی سی بی آئی جانچ کی سفارش کے سلسلے میں مرکزی حکومت کے ذریعہ گزشتہ پانچ اگست کو جاری نوٹی فیکیشن کو چیلنج دینے کی اجازت طلب کی لیکن جسٹس رائے نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔عدالت نے اداکار کی خاتون دوست اور ماڈل ریا چکرورتی، سشانت کے والد کے کے سنگھ، مرکزی حکومت، بہار حکومت اور مہاراشٹر حکومت کی دلیلیں سننے کے بعد گزشتہ گیارہ اگست کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ ان سبھی کی جانب سے بالترتیب سینئر وکیل شیام دیوان، وکاس سنگھ، سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ، منندر سنگھ اور ابھیشیک منو سنگھوی پیش ہوئے تھے۔ریا کے وکیل شیام دیوان نے دلیل دی تھی کہ سی بی آئی جانچ بغیر ریاست کی منظور کے شروع نہیں ہوسکتی ہے اور اس معاملے میں جانچ کرنے والی پہلی ریاست مہاراشٹر ہے اس لئے مہاراشٹر حکومت کی منظوری کے بغیر سی بی آئی جانچ نہیں ہوسکتی ہے۔مسٹر دیوان نے بہار کے پٹنہ میں دائر ایف آئی آر کو ممبئی منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی پولس صحیح طریقے سے جانچ کررہی ہے۔ ممبئی پولس 56 لوگوں سے پوچھ تاچھ کرچکی ہے اس لئے جانچ ممبئی پولس کے پاس ہی رہنی چاہئے، نہیں تو ریا کو انصاف نہیں ملے گا۔

