لکھنؤ: اترپردیش حکومت نے ملک کے دوسرے سب سے لمبے ایکسپریس وے کو سال کے آخر تک شروع کرنے کے لئے جنگی پیمانے پر کام کرنے کی ہدایت یوپیڈا کے افسران کو دی ہے۔
آفیشیل ذرائع نے منگل کو بتایا کہ حال ہی میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کام کرنے والی ایجنسی یوپیدآ کے افسران کے ساتھ میٹنگ میں ہر حال میں سال کے آخر تک گنگا ایکسپریس وے کو شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔سال 2025 میں مہا کمبھ سے پہلے ہی اس دیرینہ ایکسپریس وے کو شروع کردیا جائےگا۔
اتر پردیش اس وقت ملک میں سب سے زیادہ ایکسپریس وے والی ریاست ہے۔ یہاں چھ ایکسپریس وے کام کر رہے ہیں، جبکہ سات زیر تعمیر ہیں۔ ان میں گنگا ایکسپریس وے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا سب سے دیرینہ منصوبہ ہے۔گنگا ایکسپریس وے کی مجوزہ لمبائی 594 کلومیٹر ہے، جو ممبئی-ناگپور ایکسپریس وے کے بعد ملک کا دوسرا سب سے طویل ایکسپریس وے بننے جا رہا ہے۔اس کے ساتھ ہی، ریاست کے چار ایکسپریس ویز پہلے ہی ہندوستان کے ٹاپ 10 طویل ترین ایکسپریس ویز میں اپنا مقام رکھتے ہیں۔ گنگا ایکسپریس وے کے شروع ہونے سے یوپی کے پانچ ایکسپریس وے ٹاپ 10 میں شامل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے 12 اضلاع کے 518 گاؤں سے گزرے گا۔ اس کے بعد ہاپوڑ، بلند شہر، امروہہ، سنبھل، بدایوں، شاہجہاں پور، ہردوئی، اناؤ، رائے بریلی اور پرتاپ گڑھ کے راستے میرٹھ سے پریاگ راج کا فاصلہ صرف چند گھنٹوں میں طے کیا جاسکے گا۔گنگا ایکسپریس وے میرٹھ-بلندشہر (NH 334) پر بیجولی گاؤں سے شروع ہوگا اور پریاگ راج میں (NH 19) پر جودا پور دادو گاؤں کے قریب ختم ہوگا۔ 7467 ہیکٹر اراضی پر بنائے جانے والے اس ایکسپریس وے پروجیکٹ کی لاگت 36,230 کروڑ روپے ہے۔
ذرائع کے مطابق گنگا ایکسپریس وے کو ابتدائی طور پر چھ لین تک توسیع دینے کی تجویز ہے جبکہ بعد میں اسے آٹھ لین تک بڑھایا جائے گا۔ اس کے ڈیزائن کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ایکسپریس وے پر مختلف مقامات پر 9 عوامی سہولت کمپلیکس بنائے جائیں گے۔وہیں دو مقامات پر مین ٹول پلازہ(میرٹھ۔ پریاگ راج)جبکہ ریمپ ٹول پلازہ 15 مقامات پر ہوگا۔اس کے علاوہ گنگا دنی پر 960 میٹر اور رام گنگا ندی پر 720 میٹر لمبے پل بھی تعمیر کئے جائیں گے۔شاہجہاں پور کے جلال آباد تحصیل کے نزدیک 3.5 کلو میٹر لمبے ہوائی پٹی کی بھی تعمیر ہوگی۔

