نئی دہلی:سپریم کورٹ نے ملک سے غداری کے معاملے سینیئر صحافی ونود دُوا کو فوری راحت دیتے ہوئے اگلے حکم تک ان کی گرفتاری پر اتوار کو روک لگا دی لیکن ان کے خلاف ہماچل پردیش پولیس کی تفتیش کو جاری رکھا ہے۔جسٹس ادے امیش للت، جسٹس ایم یم شانتنگودر اور جسٹس ونیت سرن کی بینچ نے خصوصی شنوائی کے دوران مسٹر دُوا کی جانب سے پیش سینیئر وکیل وکاس سنگھ کے دلائل سننے کے بعد مرکز اور ہماچل پردیش حکومت کو نوٹس جاری کیا۔سالسٹر جنرل تُشار مہتا نے مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے دستی نوٹس قبول کیا اور انہوں نے ہفتے کے اندر حلف نامہ داخل کرنے کی اجازت طلب کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت عظمیٰ نے کہا اس معاملے میں اگر ضروری ہوا تو اس کے بعد جوابی حلف نامے کے لیے مزید ایک ہفتہ دیا جائے گا۔بینچ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ مسٹر دُوا کی گرفتاری پر اگلے حکم تک امتناع رہے گا لیکن انھیں تفتیش میں تعاون کرنا ہوگا۔ اس دوران ہماچل پولیس کی تفتیش جاری رہے گی۔ پولیس کو مسٹر دُوا سے ان کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی اجازت ہے لیکن اس کے لیے اسے 24 گھنٹے پہلے نوٹس دینا ہوگا۔ عدالت عظمیٰ نے معاملے کی اگلی شنوائی کے لیے چھ جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔بینچ نے اس معاملے میں شملہ میں ایف آئی آر درج کرنے والے شاکی کو بھی نوٹس جاری کیا جس پر معاملے کی اگلی شنوائی تک جواب طلب کیا ہے۔
عدالت نے ہماچل پولیس کو شنوائی کی اگلی تاریخ تک تفتیش کی مکمل اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے ہماچل پولیس کی جانب سے دُوا کے خلاف تعذیرات ہند کی دفعہ 160 کے تحت جاری کی گئی ہدایت پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔شنوائی کے آغاز میں مسٹر دُوا کی جانب سے پیش مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہماچل پولیس دہلی میں بیٹھی ہے اور وہ کسی بھی وقت ان کے موکل کو گرفتار کر سکتی ہے حالانکہ عدالت نے تفتیش پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔اس سے پہلے مسٹر سنگھ نے کہا،’ مسٹر دُوا نے جو کہا ہے، اگر وہ ملک سے غداری ہے تو کوئی بھی نہیں بچ پائے گا‘۔جسٹس للت نے پوچھا کہ شکایت کرنے والے کون ہیں، اس پر مسٹر سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان اور بر سر اقتدار پارٹی کی کٹھپتلی ہیں۔ عدالت نے اس بات پر مسٹر سنگھ کو ٹوکا کہ وہ ایسے الفاظ کا استعمال نہ کریں کیونکہ اس کی ضرورت نہیں ہے۔مسٹر سنگھ نے دلیل دی کہ تفتیش پر روک لگائے جانے سے اس کا غلط میسج عوام کے درمیان جائے گا، اس پر جسٹس للت نے کہا کہ یہ طےکرنا عدالت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی حکومت کی مرضی کے مطابق بات نہیں ہوگی تب تب ایف آئی آر درج کی جائے گی۔مسٹر دُوا نے شملہ میں بی جے پی کے رہنما اجے شیام کی جانب سے درج ایف آئی آر کو مسترد کرنے کے سلسلے میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس کے بعد آج خصوصی شنوائی کے لیے بینچ تشکیل دی گئی تھی۔بی جے پی کے رہنما نے مسٹر دُوا کے خلاف ایسی خبریں شائع کرنے کا الزام لگایا ہے جس سے فرقہ وارانہ فساد پھیلنے کا اندیشہ رہا ہے اور اسی طرح ان کے خلاف ملک سے غداری کا معاملہ درج کروایا ہے۔

