نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کی خواتین کھلاڑیوں کی شکایت پر دہلی پولیس نے جمعہ کو سپریم کورٹ کے سامنے کہا کہ آج اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی جائے گی ۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور پی ایس نرسمہا کی بنچ کے سامنے دہلی پولیس کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ شکایت کے مطابق ایف آئی آر آج یعنی 28 اپریل کو درج کی جائے گی۔
بنچ نے سالیسٹر جنرل کا بیان درج کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزاروں، خاص طور پر ایک نابالغ کی حفاظت کے پہلوؤں کے مدنظر اس معاملے پر اگلے ہفتے مزید سماعت کی جائے گی ۔
عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت کے سامنے عرضی گزاروں کی سیکورٹی کا معاملہ اٹھایا۔
سپریم کورٹ نے منگل کو سات خواتین پہلوانوں کی درخواست پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ “سنگین الزامات” ہیں۔
جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے مسٹر سبل کے دلائل پر غور کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ معاملہ سات خواتین پہلوانوں کے جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق ہے جن میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔
مسٹر سبل کی عرضیوں سے اتفاق کرتے ہوئے بنچ نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کی اگلی سماعت جمعہ کو کرے گی۔
عدالت عظمیٰ نے یہ بھی ہدایت کی تھی کہ رٹ پٹیشن میں پہلوانوں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے درخواست گزاروں کے ناموں میں ترمیم کی جائے گی۔ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے ہندوستانی پہلوان ونیش پھوگاٹ اور دیگر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور دہلی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دینے کی درخواست کی تھی۔
یہ معاملہ پیر کو سپریم کورٹ کے سامنے ‘خصوصی تذکرے’ کے دوران سینئر وکیل نریندر ہڈا نے اٹھایا تھا۔ وکیل نے عرضی گزار کا موقف پیش کرتے ہوئے بنچ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کی جلد سماعت کرنے کی اپیل کی تھی۔
بنچ نے فہرست بندی نہ ہونے بات بتاتے ہوئے مسٹر ہڈا سے منگل کو دوبارہ اس معاملے کا ذکر کرنے کو کہا۔
درخواست کے مطابق پھوگاٹ اور دیگر پہلوانوں نے دہلی پولیس کی طرف سے ایف آئی آر درج کرنے میں “غیر معمولی تاخیر” کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کو ہدایت دینے کی درخواست کی تھی۔
23 جنوری کو وزارت کھیل کی جانب سے مشہور باکسر ایم سی میری کوم کی سربراہی میں مسٹر سنگھ کے خلاف الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے اپریل کے پہلے ہفتے میں اپنی رپورٹ پیش کی تھی، لیکن اس کے نتائج کو ابھی منظر عام پر لانا باقی ہے۔
میری کوم کے علاوہ، کمیٹی کے دیگر ارکان میں اولمپک میڈلسٹ پہلوان یوگیشور دت، سابق بیڈمنٹن کھلاڑی اور مشن اولمپک سیل کی رکن ترپتی مرگنڈے، ٹارگٹ اولمپک پوڈیم اسکیم کے سابق سی ای او راجیش راجگوپالن اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر رادھیکا سریمن شامل تھے۔
اولمپیئن پہلوان بجرنگ پونیا، ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ اور دیگر چوٹی کے ہندوستانی پہلوانوں نے گزشتہ اتوار کو دہلی کے جنتر منتر پر ایک بار پھرڈبلیو ایف آئی کے سربراہ کے خلاف مظاہرہ شروع کردیا تھا۔ ایشین گیمز اور کامن ویلتھ گیمز کی گولڈ میڈلسٹ ونیش صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رو پڑی تھیں ۔
ونیش نے پہلے الزام لگایا تھا کہ سنگھ کے ذریعہ اسے ذہنی طور پر ہراساں کیا گیا تھا اور (دعوی کیا گیا تھا) اس نے خودکشی کا بھی سوچا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اتوار کو ایک نابالغ سمیت سات خواتین پہلوانوں نے پھر سے پولیس میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی، لیکن پولیس حکام نے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کردیا۔

