نئی دہلی: اکتوبر سے دسمبر تک پورے ملک میں کئی تیوہار منائے جاتے ہیں اور کورونا وائرس ’کووِڈ۔19‘کے اس دور میں بڑے پیمانے پر عوام کے اکٹھا ہونے سے وائرس پھیلنے کا خطرہ کافی بڑھ جائے گا۔ اسی بات کو دھیان میں رکھتے ہوئے مرکزی صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کی وزارت نے تیوہار کے موسم کے لیے آج نئے ہدایات یعنی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیزر (ایس او پی) جاری کی۔
وزارت کی جانب سے جاری ایس او پی میں انتظامیہ اور منعقد کرنے والوں کے لیے ہدایات دینے کے ساتھ ہی انعقاد کے دوران کورونا وائرس کے پھیلنے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور انعقاد کے دوران کسی شخص کے متاثر ہونے کی تصدیق ہونے کی سمت میں کن ہدایات پر عمل کرنا ہے، اس کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ہے۔
وزارت نے یہ واضح کیا ہے کہ کسی بھی کنٹینمنٹ زون میں کوئی بھی انعقاد نہیں ہو سکتا ہے۔ وزارت نے 65 برس سے زیادہ عمر کے افراد، سنگین امراض میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو گھر پر ہی رہنے کی صلاح جاری کی ہے۔ منعقد کرنے والوں اور ان کے اہلکاروں پر بھی یہ گائڈلائنس نافذ ہوتی ہے۔
ان کے علاوہ ان علاقوں کی مقامی انتظامیہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں وائرس کی روک تھام کے لیے اضافی سلامتی منصوبوں کو نافذ کر سکتا ہے۔

