حیدرآباد:ملک کی 29ویں ریاست کے طورپر تلنگانہ ریاست کی تشکیل آج ہی کے دن 6سال پہلے عمل میں لائی گئی۔اس تلنگانہ خطہ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے کئی دہائیوں کی جدوجہد اور تحریک کے نتیجہ میں اُس وقت کی کانگریس حکومت نے تلنگانہ کوریاست کادرجہ دینے کے بل کو پارلیمنٹ میں منظور کروایا۔اس طرح اس علاقہ کا ریاست تلنگانہ کا طویل عرصہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔اس ریاست کے حصول کے لئے کئی نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔6سال پہلے تشکیل دی گئی ملک کی اس 29ویں ریاست نے کئی شعبہ جات میں اہم پیشرفت کی ہے۔وزیراعلی کے چندرشیکھر راو تلنگانہ کی ترقی کے لئے بے تکان خدمات انجام دے رہے ہیں۔1948میں آپریشن پولو کے تحت سابق ریاست حیدرآباد کو ہند یونین میں ضم کیاگیا اور نظام حیدرآباد کی حکومت کا سورج غروب ہوگیا۔بعد ازاں حیدرآباد ریاست کو آندھراپردیش میں ضم کردیاگیا۔تلنگانہ کے عوام اس انضمام کے مخالف تھے کیونکہ ان کو خوف تھا کہ تلنگانہ کے نوجوانوں کے روزگار کے مواقع چھن جائیں گے۔
1969میں تلنگانہ کوریاست کادرجہ دلانے کے لئے تحریک چلائی گئی جو شدت اختیار کی گئی۔اس تحریک کے دوران بڑے پیمانہ پر تشدد بھی ہوا اور تقریبا 350افراد پولیس فائرنگ و لاٹھی چارج میں ہلاک ہوئے۔2001میں کے چندرشیکھرراو نے تلنگانہ راشٹرا سمیتی پارٹی کا قیام عمل میں لایا۔2009میں چندر شیکھرراو نے تلنگانہ خطہ کو ریاست کا درجہ دلانے کے لئے چلائی گئی تحریک کے حصہ کے طورپر مرن برت شروع کردیا۔ان کے مرن برت نے تلنگانہ کی تاریخ میں اہم رول ادا کیا کیونکہ اس مرن برت کے نتیجہ میں اس تحریک میں مزید جان پڑگئی اور بڑے پیمانہ پرتلنگانہ خطہ کے اضلاع میں عوام نے احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا۔کئی مقامات پر مظاہرے بھی کئے گئے۔اس تحریک کے دوران تقریبا400افراد کی جانیں گئیں ان میں بیشتر طلبہ تھے جو تلنگانہ تحریک میں کافی سرگرم تھے۔پارلیمنٹ میں اے پی تنظیم نو بل کی منظوری کے ساتھ ہی 2جون 2014کو اس وقت کی مرکز کی کانگریس حکومت نے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔اس طرح تلنگانہ ملک کی 29ویں ریاست کے طورپر وجود میں آئی اور کے چندرشیکھرراو نے اس نئی ریاست کے وزیراعلی کے طورپر حلف لیا۔اس کے بعد سے ہی تلنگانہ ریاست کی ترقی اور اس کو اونچا اٹھانے کے لئے مسٹر راو سرگرم عمل ہیں۔وہ اس محاذ پر بے تکان کام کررہے ہیں۔ان کی کوششوں سے ہی ریاست کو کئی شعبہ جات میں ترقی دی گئی اور بجلی کے شعبہ میں ریاست کو خود مکتفی بنایاگیا۔ریاست کے کسانوں کو زرعی مقاصد کے لئے اب 9گھنٹے کے بجائے 24گھنٹے بجلی سپلائی کی جارہی ہے۔اسی طرح ریاست کو دیگر شعبہ جات میں بھی آگے لے جایاگیاہے۔انہوں نے کچھ ہی برسوں میں سنہرے تلنگانہ کے خواب کو پورا کیا ہے۔آبپاشی کے شعبہ میں بھی ریاست کو اونچا اٹھایاگیا ہے۔دنیا کے سب سے بڑے کالیشورم پروجیکٹ کی بھی تعمیر ان ہی کے دور میں عمل میں لائی گئی ہے۔

