بی جے پی کے لیے مذہب صرف کاروبار: اکھلیش

0

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لئے مذہب صرف ایک کاروبار ہے۔ اجودھیا میں چودہ کوسی پریکرما مارگ چوڑا کرنے کے تحت آنے والی دکانوں اور زمینداروں کو مناسب معاوضہ دیئے بغیر تباہ کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی حکومت اجودھیا میں غریبوں، دلتوں اور پسماندہ طبقے کے لوگوں کے ساتھ سخت ناانصافی کر رہی ہے۔
چودہ کوسی پریکرما مارگ کو چوڑا کرنے سے متاثر لوگوں نے آج ریاستی ہیڈکوارٹر میں ایس پی سربراہ کو اپنا میمورنڈم سونپا اور ان سے درخواست کی کہ وہ مناسب معاوضہ حاصل کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر یادو نے سماج وادی حکومت بننے پر اجودھیا میں زمینوں کی غیر قانونی رجسٹری کی جانچ کرانے اور غریبوں کو انصاف فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے دور حکومت میں کسانوں، تاجروں اور کمزور طبقات کے ساتھ بہت ناانصافی ہو رہی ہے۔ 14 کوسی پریکرما مارگ کو چوڑا کرنے کے تحت آنے والے علاقے کے مکین اگر اجڑ گئے تو ان کی باز آبادکاری کا کیا ہوگا؟ وہ اپنے مویشی کہاں لے جائیں گے؟ رام مندر کی تعمیر کے لیے جن کی زمینیں اور مکانات لیے جا رہے ہیں ان کو مناسب معاوضہ کیوں نہیں دیا جا رہا ہے؟ سماج وادی حکومت میں آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے پر کسانوں کو مارکیٹ ریٹ پر معاوضہ دیا گیا تھا۔
مسٹر یادو نے کہا کہ اجودھیا میں سماج وادی حکومت کے دوران بھجن مقام بنایا گیا تھا۔ چودہ کوسی پریکرما مارگ پر پاریجات، جامن اور پیپل، کدم، پاکڑ کے درخت لگائے گئے تھے۔ سریو ساحل کو خوبصورت بنایا گیا۔ بی جے پی نے اجودھیا میں زمین لوٹنے کے علاوہ اور کیا کیا ہے؟ تعلیم، صحت اور روزگار کی سمت میں سب سے زیادہ کام سماج وادی حکومت میں ہوا۔
بی جے پی میڈیا کا غلط استعمال کر رہی ہے۔ روز نئے جھوٹ گڑھتی ہے۔ بی جے پی حکومت کو بدلنا ضروری ہے۔ اسی لیے غریبوں، استحصال زدہوں، محروموں کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کی حفاظت کے لیے بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانا ہوگا۔
اس موقع پر مسٹر راجندر چودھری قومی سکریٹری، نریش اتم پٹیل ریاستی صدر، پون پانڈے سابق وزیر، کرن پال کشیپ سابق وزیر، ڈاکٹر راج پال کشیپ ریاستی صدر سماج وادی پسماندہ طبقہ سیل بھی موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here