پٹنہ : بہار میں راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کی قیادت والے مہاگٹھ بندھن سے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی کے ہندوستانی عوام مورچہ ( ہم ) نے جمعرات کو ناطہ توڑ لیا ۔ہم کے قومی صدر جیتن رام مانجھی کی صدارت میں پارٹی کے کور گروپ کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں مہاگٹھ بندھن سے رشتہ توڑنے کا فیصلہ لیا گیا۔اجلاس کے بعد پارٹی کے قومی ترجمانہ دانش رضوان نے پریس کانفرنس میں کہاکہ مہا گٹھ بندھن سے الگ ہونے کا فیصلہ اتفاق رائے سے لیا گیاہے ۔ آج کے بعد سے ”ہم “مہا گٹھ بندھن کا حلیف نہیں رہے گا۔مسٹر رضوان نے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کے حلیف جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے ساتھ جانے سے متعلق میںپوچھے گئے سوال کے جواب میں کہاکہ اجلاس میں اس طرح کے سبھی فیصلے لینے کا حق پارٹی کے قومی صدر کو دیا گیا ہے ۔ آگے کوئی بھی فیصلہ لینے کیلئے مسٹر مانجھی کو ہی مجاز کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مہا گٹھ بندھن کے جو لوگ اپنی حلیف جماعت کے لیڈران کی بات نہیں سنتے وہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی بھی نہیں سنیںگے ۔ہم کے ترجمان نے کہاکہ پارٹی نے مہا گٹھ بندھن میں رہنے کی ہرممکن کوشش کی لیکن آرجے ڈی کی وجہ سے وہاں رہنا مشکل ہو گیا تھا۔ جمہوریت میں حلیف جماعت کے لیڈران کا بھی احترام ہونا چاہئے تبھی مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھاجاسکتا ہے ۔ انہوںنے ”ہم “کے کسی پارٹی میں ضم ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال کو یکسر خارج کرتے ہوئے کہاکہ دور۔ دور تک ایسا کوئی امکان نہیںہے۔واضح رہے کہ مسٹر مانجھی مہا گٹھ بندھن میں کوآرڈینیشن کمیٹی بنانے کا مطالبہ گذشتہ کچھ ماہ سے کرتے آرہے تھے لیکن ان کے اس مطالبے پر آرجے ڈی نے توجہ نہیںدی ۔کوآرڈینیشن کمیٹی کو لیکر مسٹر مانجھی کئی بار تلخ رویہ اپنا چکے تھے اس کے باوجود آر جے ڈی نے ’ہم ‘ کے اس مطالبے کو نظر انداز کرتا رہا ۔ اسی کے مد نظر” ہم “نے یہ بڑا فیصلہ لیا ہے ۔آرجے ڈی زیر قیادت مہا گٹھ بندھن میں راشٹر یہ لوک سمتاپارٹی ( آر ایل ایس پی ) ، کانگریس ، ویکاس شیل انسانی پارٹی ( وی آئی پی ) ہی باقی رہ گئےہیں۔ سیاسی گلیارے میں اس طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ مسٹر مانجھی این ڈی اے میں واپس آسکتے ہیں ۔

