کلکتہ:مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے شرمک اسپیشل ٹرین میں بھوک اور پیاس کی وجہ سے ہونے والی اموات کو ”معمولی اور چھوٹا“ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کیلئے انڈین ریلوے کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس چھوٹے سے واقعے کو حد سے زیادہ حساس بنانے کی کوشش کررہی ہے۔گھوش کے اس بیان کی اپوزیشن جماعتوں نے سخت تنقید کیا ہے۔شدید گرمی، بھوک اور پانی کی قلت کے درمیان لاکھوں تارکین وطن مزدور اور ان کے اہل خانہ لاک ڈاؤن کے بیچ گھر واپس پہنچ رہے ہیں۔ پیر کے روز سے ہی ’شرمک اسپیشل‘ ٹرینوں میں ایک بچہ سمیت نو مسافروں کی موت ہوگئی تھی۔نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا کہ ریلوے بڑے پیمانے پر شرمک اسپیشل ٹرین کے ذریعہ غیر مقیم مزدوروں کو ان کے گھر پہنچارہی ہے۔اس درمیان کچھ افسوس ناک واقعات ہوئے ہیں۔لیکن اس کیلئے ریلوے کو مورد الزام نہیں ٹھہرا یاجاسکتاہے۔ ریلوے غیر مقیم ورکروں کو ان کے گھر پہنچانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔اس درمیان کچھ لوگوں کی موت ہوئی ہے اور یہ چھوٹا اور معمولی واقعہ ہے۔ ریلوے نے ہمیشہ مسافروں کی خدمت کی ہے۔اس درمیان کچھ چھوٹے چھوٹے واقعات رونما ہوئے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ ریلوے کو بند کردیں گے۔گھوش کے اس بیان پر مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور سی پی ایم نے شدید ردعمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ سوگاتا رائے نے کہا کہ بی جے پی لیڈران مزدوروں کے معاملے میں شروع سے ہی غیر حساسیست کامظاہرہ کررہی ہے۔حکومت لاک ڈاؤن اور کورونا وائرس کو صحیح سے ڈیل نہیں کررہی ہے۔بی جے پی لیڈران اس طرح کے بول رہے ہیں کہ کچھ ہوا نہیں ہے۔پی آئی کے پولیٹ بیورو کے ممبر محمد سلیم نے کہا کہ’گھوش جیسے لیڈران پارٹی میں میک مین کاکردار ادا کرتے ہیں۔انہیں کچھ بھی معلوم نہیں ہوتا ہے۔سابق ممبر پارلیمنٹ محمد سلیم نے کہا کہ ’تارکین وطن مزدور کے مسئلے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مودی حکومت انسانی جانوں کو بچانے میں ناکام ہے۔ بی جے پی لیڈران اس پر شرم کرنے کے بجائے جھوٹ بول رہے ہیں اور گمراہ کررہے ہیں۔

