لکھنؤ:اترپردیش میں اپنے مطالبات کی حمایت میں 72گھنٹوں کی ہڑتال پر بضد بجلی ملازمین نے حکومت کو انتباہ دیا ہے کہ اگر پرامن تحریک کے دوران کسی بھی ملازم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک چلے گا اور بجلی ملازمین جیل بھرو تحریک کے لئے مجبور ہونگے۔
ودیوت کرماچاری سنیکت سنگھرش سمیتی کی کال پر کام کے بائیکاٹ کے دوسرے دن جمعرات کو لکھنؤ سمیت ریاست کے تمام اضلاع اور پروجیکٹوں میں احتجاج کیا گیا۔ سنگھرش سمیتی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ توانائی کارپوریشنوں کی اعلیٰ انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بجلی ملازمین ہڑتال پر جانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 72 گھنٹے کی ہڑتال آج رات 10 بجے سے شروع ہوگی۔ دریں اثنا، نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی آف الیکٹرسٹی ایمپلائز اینڈ انجینئرز (NCCOEEE) کے نیشنل کوآرڈینیٹر پرشانت چودھری، آل انڈیا پاور انجینئرس فیڈریشن کے سکریٹری جنرل پی رتناکر راؤ اور آل انڈیا فیڈریشن آف پاور ڈپلومہ انجینئرس کے قومی صدر آر کے۔ ترویدی آج لکھنؤ پہنچے اور بجلی کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کیا۔
این سی سی او ای ای ای کے عہدیداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اتر پردیش کے بجلی ملازمین جو پرامن طریقے سے احتجاج کررہے ہیں، کو کسی بھی طرح سے ہراساں کیا گیا تو ملک کے دیگر صوبوں کے 27 لاکھ بجلی ملازمین خاموش تماشائی نہیں رہیں گے اور ایسے کسی بھی جابرانہ قدم کی پورے ملک میں سختی سے مخالفت کی جائے گی۔
سنگھرش سمیتی نے الزام لگایا کہ حکومت بجلی کارکنوں کے ساتھ ان کے مطالبات کے حوالے سے کئے گئے معاہدے پر عمل نہیں کر رہی ہے۔ کمیٹی کی رضامندی کے مطابق انرجی کارپوریشنز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کا انتخاب کمیٹی کے ذریعہ کیا جانا، پہلے کی طرح مل رہے تین پروموشنل آسامیوں کے لیے مقررہ پے سکیل کا آرڈر دیا جانا، بجلی ملازمین کے لیے پاور سیکٹر ایمپلائز پروٹیکشن ایکٹ کا نفاذ، سب ا سٹیشنوں کے آپریشن اور دیکھ بھال کی آؤٹ سورسنگ کو روکنا،نئے بجلی سب اسٹیشنوں کی تعمیر ٹرانسمیشن کارپوریشن سے کرایا جانا سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔

