سلواسا: مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے پیر کو کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں ووٹروں کو مودی کی حب الوطنی سے بھرپور قیادت اور خاندانی جماعتوں کے اتحاد میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔
یہاں منعقدہ ایک عوامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے رام مندر کی تعمیر اور دفعہ 370 کی منسوخی سمیت ملک کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکارہندوستان کو دنیا کی بڑی اقتصادی طاقت بنانے میں مصروف ہے جب کہ موجودہ اپوزیشن جب اقتدار میں تھی کرپشن میں ملوث تھی۔ اس پروگرام میں انہوں نے مرکز کے زیر انتظام علاقے دمن اور دیو میں تقریباً 2448 کروڑ روپے کے 53 مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا اور اجتماع سے خطاب کیا۔
اس موقع پر دمن اور دیو کے ایڈمنسٹریٹر پرفل پٹیل اور مرکزی داخلہ سکریٹری سمیت کئی معززین موجود تھے۔
مسٹرشاہ نے کہا کہ آج ملک انتخابات کی دہلیز پر کھڑا ہے اور ملک کے لوگوں کے پاس دو ہی راستے ہیں – ایک طرف حب الوطنی سے لبریز نریندر مودی کی قیادت اور دوسری طرف سات خاندانی پارٹیوں کا اتحاد۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ اسے ہندوستان کو دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بنانے والے وزیر اعظم مودی کی حکمرانی چاہئے یا 12 لاکھ کروڑ روپے کے گھوٹالے کرنے والی کی حکمرانی۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدعنوانوں، خاندان پرستوں اور2 جی، 3 جی اور 4 جی والوں کا ٹولہ ہے جو کسی کو موقع نہیں دیتے۔

