چنڈی گڑھ: جہاں حکمراں عام آدمی پارٹی نے اتوار کو ‘وارث پنجاب دے’ کے سربراہ امرت پال سنگھ کی 36 دن کی مہم کے بعد ڈرامائی گرفتاری پر اپنی پیٹھ تھپتھپائی وہیں اپوزیشن جماعتوں نے پارٹی لائنوں سے اوپر اٹھ کر پولیس کی کارروائی کا خیرمقدم کیا۔
واضح رہے کہ آج صبح موگا ضلع سے امرت پال کی گرفتاری کے بعد جاری ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ ان کی حکومت اور پولیس نے فروری کے اجنالہ پولیس اسٹیشن واقعہ کے بعد سے تحمل سے کام لیا ہے کیونکہ وہ خونریزی نہیں چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اور پولیس کی اولین ترجیح امن و امان کے ساتھ ساتھ امن اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا ہے۔
ویڈیو پیغام میں ریاست کے عوام سے اظہار تشکر کرنے کے ساتھ ساتھ مسٹر مان نے یہ بھی کہا کہ پارٹی، قومی کنوینر اروند کیجریوال نے انہیں وزیر اعلیٰ بنا کر ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر کی حیثیت سے ریاست میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ان کا فرض ہے اور وہ اسے پورا کرتے رہیں گے۔
مسٹر کیجریوال نے ٹویٹ کیاکہ “ہم پنجاب کے امن اور سلامتی کے لیے پرعزم ہیں۔ اس کے لیے ہم سخت فیصلے لینے کے لیے بھی تیار ہیں۔‘‘
امرت پال سنگھ کی گرفتاری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسٹر مان نے پختگی اور ہمت کے ساتھ اس مشن کو پورا کیا۔ پنجاب پولیس نے بغیر کسی خون خرابے اور فائرنگ کے کامیابی حاصل کی، اس دوران امن برقرار رکھنے اور پنجاب حکومت کا ساتھ دینے پر عوام کا بہت شکریہ۔

