لکھنؤ:الوداع جو کہ رمضان کاآخری جمعہ ہوتا ہے ۔ اس موقع پر بھی روزے داروں نے لاک ڈائون کے قوانین اور علمائے کرام کی اپیلوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھروں پر ہی نماز ادا کی اور عبادت کی۔ مسجدوں میں صرف چار سے پانچ لوگوں نے ہی نماز ادا کی۔ عیدگاہ کی مسجد میں چار نمازیوں نے امام عیدگاہ لکھنؤ مولانا خالد رشید فرنگی محلی کی امامت میںنماز ادا کرکے ملک اور پوری دنیا سے کورونا وائرس کی بیماری کے خاتمے کی دعائیں کی۔اس موقع پر اپنے خطبے میںمولانا فرنگی محلی نے کہا کہ ہم عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہیںکہ پورے رمضان کو مبارک مہینے میں روزے داروں نے گھر پر ہی عبادت کی اور کہیں پر بھی بھیڑ جمع نہیںہوئی۔ یہاں تک کہ تراویح بھی سب نے اپنے گھروں پر ادا کرکے لاک ڈائون کے قوانین اور علماء کی اپیلوں پر پوری طرح عمل کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت پیش کیا۔انہوں نے عوام سے ایک بار پھر سے یہ اپیل کی کہ عید کے موقعے پر بھی مسجدوں میں صرف چار سے پانچ لوگ ہی نماز ادا کریں اور باقی سب لوگ اپنے اپنے گھروں پر ہی نماز ادا کریں۔ سویاں کھائیں، گھر والوں کے ساتھ ہی عید منائیں، کوئی بھی نئے کپڑے نہ بنوائے اور نہ ہی کسی سے گلے ملے اور نہ ہی مصافحہ کرے۔ اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو موبائل اور سوشل میڈیا کے ذریعہ سے ہی عید کی مبارک باد دے۔ عید کے بجٹ کا ۵۰ فی صد غریبوں میں عید سے پہلے ضرورناٹ دیں جس سے کہ وہ لوگ بھی عید منا سکیں اور نماز سے پہلے صدقہ فطر ضرور ادا کریں۔اپنے خطبے میںمولانا نے فلسطین ، عراق، شام اورچین میں ہو رہے مسلمانوں پر ظلم وتشدد پر سخت افسوس کااظہار کیا اور اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ ان ملکوں میںہو رہی ناانصافی پر روک لگائیں۔مولانا خالد رشید نے رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت بتاتے ہوئے کہا کہ رب کائنات کا یہ احسان عظیم ہے کہ اس نے ہم سب کو رمضان المبارک کے روزے رکھنے کی توفیق دی۔ یہ اس مقدس ماہ کی برکت ہے کہ مسلمان اس کے دنوں میں روزہ رکھتے ہیں اور اس کی راتوں میں اوابین، تراویح اور تہجد کی نمازیں پڑھتے ہیں۔ قرآن کریم کی تلاوت کرتے ہیں، شب قدر تلاش کرتے ہیں ۔ شب قدر ایسی متبرک اور جلیل القدر رات ہے جو رمضان کے آخری عشرے کی پانچ طاق راتوں میں کسی ایک میں ہے۔ یہ رات کسی عبادت کرنے والے کو مل جائے تو اس کو ایک ہزار راتوں کی عبادت کا ثواب ملتا ہے۔مولانا فرنگی محلی نے کہا کہ اس مبارک ماہ کے اختتام کے چند دن باقی رہ گئے ہیں وہ بھی نہایت فضیلت کے حامل ہیں۔ اس لیے ہمیں غفلت نہیں کرنا چاہیے اور یہ اوقات زیادہ سے زیادہ عبادتوں واطاعتوںمیںگزارنے چاہییں۔مولانا نے نماز کے بعد قبلہ اول اور بیت المقدس کی صیہونی قبضے سے واگزاری ، بابری مسجد کی تعمیر نو، پوری دنیا میں مسلمانوں کی جان ومال، عزت وآبرو اور ایمان کی حفاظت، ان کی خوش حالی، تعمیر وترقی ، نیک نامی وسربلند ی اور وطن عزیز نیز دنیا بھر میں امن وامان کے قائم رہنے کی خصوصی دعائیں کیں۔مولانا نے خوش حال مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اس ماہ مقدس میں صدقے اور خیرات کا خوب اہتمام کریں۔ صاحب نصاب حضرات اپنے مال کی زکوٰۃ ادا کریں۔ عید کی نماز سے قبل فطرہ ضرور ادا کیا جائے ۔ دارالافتاء فرنگی محل نے اس سال ۵۰ روپئے فی کس فطرہ طے کیا ہے۔مولانا نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی کہ ۲۹؍رمضان المبارک ۲۳؍مئی۲۰۲۰ء کو شوال کا چاند دیکھنے کا خصوصی اہتمام کریں۔ چاند دیکھ کر حسب دستور قدیم مرکزی چاند کمیٹی فرنگی محل لکھنؤ کو مطلع کریں۔

